ازبکستان اور پاکستان کے درمیان گہرے اور تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں ازبکستان، پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے ،

ازبکستان سنٹرل ایشیاء میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور دونوں ممالک کی باہمی تجارت پچھلے 9 ماہ کے دوران بڑھ کر 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے، ازبکستان کے سفیر فرقات صدیقوف کا اسلام آباد چیمبر میں تاجر برادری سے خطاب

جمعرات 15 نومبر 2018 17:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) ازبکستان کے سفیر فرقات صدیقوف نے کہا ہے کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان گہرے اور تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں اور ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں، ازبکستان سنٹرل ایشیاء میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور دونوں ممالک کی باہمی تجارتی پچھلے 9 ماہ کے دوران بڑھ کر 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو باہمی تجارت جلد ہی 30کروڑ ڈالر سالانہ تک پہنچ جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ازبکستان کے بی ایم بی ٹریڈ گروپ کے سپروائزری بورڈ کے چیئرمین بیکزود مماتکولوف بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ازبک سفیر نے کہا کہ بی ایم بی ٹریڈ گروپ ازبکستان کا ایک بڑا کاروباری گروپ ہے جو اب پاکستان میں بزنس پارٹنرز کی تلاش میں ہے کیونکہ پاکستان کاروباری سرگرمیوں کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے۔

انہوںنے کہا کہ ان کا ملک پاکستان، افغانستان اور ازبکستان پر مشتمل ایک سہ رکنی ٹریڈ کمیشن تشکیل دینے میں دلچسپی رکھتا ہے جو تینوں ممالک کے درمیان تجارت، لاجسٹک اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان نے افغانستان کے شہر مزارشریف تک ریلوے لائن تعمیر کر دی ہے اور ازبکستان مذکورہ لائن کو پاکستان کی سرحد طورخم تک وسعت دینا چاہتا ہے تا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ ازبکستان نے تاشقند تا لاہور ہفتے میں دو فلائٹ شروع کی ہوئی ہیں جو ناکافی ہیں اور جلد ہی تاشقند تا اسلام آباد اور کراچی بھی فلائٹ شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی کوئی ایئرلائن ازبکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرے تو ازبکستان ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہاشو گروپ سمیت پاکستان کی کئی کمپنیاں ازبکستان میں موجود ہیں اور ان کا ملک پاکستان کی مزید کمپنیوں کوازبکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہے گا۔

بی ایم بی ٹریڈ گروپ کے سپروائزری بورڈ کے چیئرمین بیکزود مماتکولوف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گروپ عالمی اقتصادی تعاون کی ترقی، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ، کنسلٹنگ سروسز، ایگرو لاجسٹک کے جدید کلسٹر کو متعارف کرانے، تازہ زرعی مصنوعات کو ایکسپورٹ کرنے اور ادویات کو امپورٹ کرنے سمیت مختلف شعبوں میں کام کر رہا ہے اور اب ان کا گروپ پاکستان میں بزنس پاٹنرز کی تلاش میں ہے کیونکہ پاکستان کاروبار کیلئے ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان پاکستان کیلئے سنٹرل ایشیاء کی مارکیٹ تک آسان رسائی حاصل کرنے کیلئے ایک گیٹ وے کا درجہ رکھتا ہے لہذا پاکستان ازبکستان کے ساتھ مزید قریبی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ازبکستان نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے پر توجہ دیں جس سے دونوں کی معیشتوں کیلئے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے کاروبار وسرمایہ کاری کے عمدہ مواقع پیدا کر دیئے ہیں، ازبکستان کے سرمایہ کار پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی اور ڈپلومیٹک کمیٹی کے چیئرمین خالد ملک نے ازبکستان کے سفیر کا بی ایم بی ٹریڈ گروپ کو متعارف کرانے کیلئے چیمبر کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر پاکستان اور ازبکستان کے نجی شعبوں کے درمیان بزنس پارٹنرپس کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں