سیاحت اور معدنیات کے شعبہ کی ترقی سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حقیقی اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جائے گی،

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ خوبصورتی اور قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے جن کے بہترین استعمال سے یہ دو خطے دنیا کے معروف ترین سیاحتی مقامات کا مقابلہ کر سکتے ہیں،وفاقی وزیر علی امین خان گنڈا پور

جمعرات 15 نومبر 2018 18:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ سیاحت اور معدنیات کے شعبہ کی ترقی سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حقیقی اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جائے گی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ خوبصورتی اور قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے جن کے بہترین استعمال سے یہ دو خطے دنیا کے معروف ترین سیاحتی مقامات کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں میں ان علاقوں میں سیاحت اور قدرتی وسائل کا ترقی کے لئے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا اور ان دونوں شعبوں کو نظر انداز کیا گیا جو کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کے لئے حقیقی موجب ثابت ہو سکتے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ان علاقوں تک ذرائع رسائی ایک بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور اس ضمن میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام سیاحتی مقامات تک ذرائع آمدورفت کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں گلگت بلتستان میں راما جھیل اور فیری میڈوز تک سڑکوں کی تعمیر سے متعلق جائزہ لینے کے لئے پہلے ہی ہدایات دی جا چکی ہیں اور اس کے علاوہ دیگر سیاحتی مقامات تک ذرائع آمدورفت کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح تمام سیاحتی مقامات پر جدید ٹورسٹ ریزورٹس کی تعمیر کے لئے بھی سروے کیا جا رہا ہے تاکہ سیاحوں کو ان تمام سیاحتی مقامات پر بہترین تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ رہائش کی بھی بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوںنے کہا کہ اس کے علاوہ سیاحوں کے لیے ویزا پالیسی کو مزید آسان بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں 200 کلومیٹر طویل ٹورازم کوریڈور کی تعمیر اُن کی حکومت کی بنیادی ترجیح ہو گی تاکہ اس کی بدولت ایک جانب سیاحت کو فروغ دیا جاسکے تو دوسری جانب یہاں کے عوام کو ذرائع آمدورفت کے بہترین سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ انہوںنے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی ترقی ان خطوں میں نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار اور خوشحالی کی مضبوط بنیاد بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی کے منصوبوںمیں اس امر کویقینی بنایا جائے گا کہ اس سلسلے میں ایسی منصوبہ بندی کی جائے جس سے قدرتی ماحول کو محفوظ رکھتے ہوئے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں