سیکرٹری اطلاعات آل پارٹیز حریت کانفرنس عبدالحمید لون نی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے سال 2018ء کی رپورٹ جاری کردی

سال 2018ء کے دوران بھارتی فورسز نے 298 نہتے کشمیریوں کو شہید ، 71 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا، 64 بچے یتیم اور 28 خواتین بیوہ ہوئیں جبکہ 3 ہزار 17 نہتے شہریوں کو زخمی کیا گیا

جمعرات 15 نومبر 2018 21:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) سیکرٹری اطلاعات آل پارٹیز حریت کانفرنس عبدالحمید لون نے مقبوضہ کشمیر میں سال 2018ء کے دوران شہداء، زخمیوں، خواتین کی عصمت دری کے اعداد وشمار سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران بھارتی فورسز نے ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ تے ہوئے 298 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ 265 مرد، 6 خواتین اور 27 بچے بھارتی فورسز کا نشانہ بنے، 71 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، دوران حراست یا گھروں سے اٹھا کر ریپ کیا گیا۔

بھارتی افواج کی دہشت گردی سے 64 بچے یتیم اور 28 خواتین بیوہ ہوئیں جبکہ ایک سال میں 3 ہزار 17 نہتے شہریوں کو زخمی کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال مقبوضہ کشمیر میں 2 ہزار 25 معصوم کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا اور کئی بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔

(جاری ہے)

561 گھر اور دوکانیں بھارتی فوج کی دہشت گردی سے تباہ ہو گئیں۔ اس دوران 1900 کم عمر بچوں کے خلاف بھی جعلی ایف آئی آر درج کی گئی اور ان پر پتھر بازی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

کم عمر بچوں کو گرفتار کرکے ان کی برین واشنگ کی جارہی ھے۔عبدالحمید لون کا کہنا ہے کہ بھارت کا ظلم و ستم روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ کشمیر میں اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی فورمز کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت روکنے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں