سینیٹر کلثوم پروین کی زیر صدارت سینیٹ کی ہائوس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس،

پارلیمنٹ لاجز میں دکانوں کو خالی کرانے کے معاملات کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 15 نومبر 2018 21:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) ایوان بالا کی ہائوس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونیئر کمیٹی سینیٹر کلثوم پروین کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز میں دکانوں کو خالی کرانے کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ کنوینئر کمیٹی سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کی دکانوں کے ٹینڈر کے حوالے سے سینیٹر اعظم خان سواتی کو تحفظات تھے، ٹینڈر کے لئے فارم فراہم کئے جائیں جو میرٹ پر آئے، اسے اس کا حق دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ادارے کو کوئی ہدایت آتی ہے تو وہ تحریری طور پر طلب کی جائے، معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کی صفائی پر 90 سے زائد لوگ مامور تھے مگر سوائے چند لوگوں کے کوئی نظر نہیں آتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سفارش کی کہ صفائی ستھرائی کے کام پر مامور عملے کی مانیٹرنگ کے لئے دو سپروائزر تعینات کئے جائیں جو حکام بالا کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔

سینیٹر کلثوم پروین نے سی ڈی اے حکام کو مزید ہدایت کی کہ پارلیمنٹ لاجز میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ڈی ایس پی کو خط تحریر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں دکانوں کے حوالے سے ٹی او آر بن چکے ہیں جو کمیٹی کو جلد فراہم کر دیئے جائیں گے۔ کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ لاجز میں نئے بلاکس بنانے کے لئے 2012ء میں فنڈز فراہم کئے گئے تھے، اس وقت ڈالر کی قیمت 60 روپے تھی اب ڈالر 136 روپے پر پہنچ چکا ہے مگر ابھی تک بلاکس نہیں بن سکے۔ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ثمینہ سعید کے علاوہ ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے، ڈی جی سروسز پارلیمنٹ لاجز، سی ڈی اے و دیگر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں