پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں

قائد ایوان سینیٹ سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعرات 15 نومبر 2018 23:59

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) قائد ایوان سینیٹ سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے حکومت کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں اور بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سینیٹ میں کسی کے خلاف بھی غیر پارلیمانی زبان استعمال نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہداللہ خان نے فواد چوہدری پر بے بنیاد الزامات لگائے جس کے اگلے روز ان الزامات پر اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے فواد چوہدری سینیٹ آئے۔ قائد ایوان سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اورپاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے گزشتہ ادوار حکومت میں ملک و قوم کے حقیقی مسائل کو اجاگر نہیں کیا، ملک کی حالیہ بدترین معاشی صورت حال سمیت ملکی مالی خسارے کی ذمہ دار بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو بطور چئیرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی مقرر کرنا اپوزیشن کا مطالبہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف کے منصوبوں کا آڈٹ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا احتساب بلا امتیاز ہونا چاہیئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں