ایم سی آئی کے مبینہ طور پرگمشدہ ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ایاز نے سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو بیان جاری کر دیا

ڈی آئی خان میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں اور خیریت سے ہوں، محمد ایاز

جمعہ 16 نومبر 2018 23:30

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) میٹروپولیٹن کارپوریشن(ایم سی آئی)کے مبینہ طور پرگمشدہ ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ایاز نے سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو بیان جاری کیا ہے کہ وہ ڈی آئی خان میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں اور خیریت سے ہیں۔ جمعہ کی صبح سے میڈیا کے ذریعے خبریں منظر عام پر تھیں کہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ کی حدود سے سی ڈی اے افسر محمد ایاز لاپتہ ہو گئے ہیں۔

پولیس نے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ایاز کے پرسنل اسسٹنٹ کی اطلاع اور ان کیاہل خانہ کی درخواست پر واقعہ کیایف آئی آر درج کر لی جس میں کہا گیا تھا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ایاز 15 نومبر دوپہر ڈھائی بجے دفتر سے نکلے اور اس کے بعد سے ان کے بارے میں کسی کو علم نہیں۔جس پرپولیس حکام نے مبینہ لاپتہ سرکاری افسر کی سی ڈی آر نکلوانے کے علاوہ تمام سیکیورٹی اداروں کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا اور ایف آئی آر درج کر لی گئی تاہم شام کو سی ڈی اے کے افسر کا ویڈیو بیان منظر عام پر آگیاجس میں محمد ایاز محسود نے بتایا کہ وہ ڈی آئی خان میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں اور خیریت سے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد ایاز نے مزید بتایا کہ میرے موبائل فونز گم ہو گئے تھے جس کی وجہ سے کسی سے رابطہ نہیں کر سکا۔ انہوں نے درخواست کی کہ میرے نام پر کوئی پریشانی پھیلائے اور نہ اداروں کو بدنام کرے۔سی ڈی اے افسر نے کہا کہ حکومت اور دیگر اداروں کا شکر گزار ہوں کہ وہ میرے لیے اتنے پریشان ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں