نیشنل ڈیٹا کنسلٹنٹ کراچی اور ٹیمینوس گروپ اے جی کی جانب سے ’’بینک آف دی فیوچر فورم 2018ء‘‘ کا انعقاد

منگل 20 نومبر 2018 18:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2018ء) انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ممتاز کمپنی نیشنل ڈیٹا کنسلٹنٹ کراچی (این ڈی سی ٹیک) اور جنیوا سوئٹزرلینڈ میں قائم دنیا کی نمبر ون بینکنگ سافٹ ویئر کمپنی ٹیمینوس گروپ اے جی نے میریٹ ہوٹل کراچی میں ’’بینک آف دی فیوچر فورم 2018ء‘‘ کی مشترکہ میزبانی کی۔ یہ فورم بینکوں، ریگولیٹر، سلوشنز پرووائیڈرز، انٹرنیشنل فن ٹیکس اور انڈسٹری کے پروفیشنلز کو ڈیجیٹل دور کیلئے جدید بینکنگ وژن کے لئے حکمت عملی اور بہترین طریقہ کار پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرتا ہے۔

آٹھ سال پہلے این ڈی سی ٹیک اور ٹیمینوس کی جانب سے شروع کیا گیا بینک آف دی فیوچر فورم پاکستان کے تمام ممتاز مالی اداروں اور بینکوں کے تمام طبقات کیلئے خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال فورم میں تقریباً 22 بینکوں سے 150 سے زائد سینئر وفود اور نمائندہ لیڈر شپ نے شرکت کی۔ این ڈی سی ٹیک کے چیئرمین بحرام احمد نے کہا ہے کہ ہم 9 ویں سالانہ تقریب میں صنعت کے لیڈرز اور ماہرین کے بڑے گروپ کی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے خوش ہیں۔

این ڈی سی ٹیک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر مس امارہ مسعود نے کہا کہ اس فورم میں مسلسل توسیع سے بینکنگ کمیونٹی اور انڈسٹری کے پروفیشنلز کی مالیاتی ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں بدلتی ہوئی مالیاتی خدمات میں ٹیکنالوجی کے اہم کردار کا اعتراف کیا گیا ہے۔ ٹیمینوس اور اس کی مارکیٹ پلیس کی جانب سے پیش کی گئی مصنوعات اور ذہنی اختراعات تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔

مشرق وسطیٰ و افریقہ کے لئے ٹیمینوس کے منیجنگ ڈائریکٹر جین پال مارگیائی نے کہا کہ ایک بار پھر ہمیں کراچی میں این ڈی سی ٹیک کے تعاون سے بینک آف دی فیوچر فورم 2018ء کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے۔ یہ درحقیقت ٹیمینوس کے پاکستان میں موجود صارفین اور ہمارے مستقبل کے امکانات کیلئے بہترین موقع ہے۔ ہم 2000ء سے این ڈی سی کے ساتھ مل کر اس مارکیٹ سے مخلص ہیں اور سرٹیفائنگ ٹی 24 ایکسپرٹ ریسورسز میں مسلسل سرمایہ کاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کئی نئی مصنوعات متعارف کرانے کے لئے پرجوش ہیں جو ماہرین کی ایک ٹیم نے وضع کی ہیں۔ یہ ٹیم اس موقع پر خاص طور پر کراچی آئی تھی۔ انہوں نے این ڈی سی ٹیک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ہماری ٹیکنالوجی پاکستان میں متعارف کرانے میں مدد کی اور پاکستان اور مشرق وسطیٰ میں ہمارے صارفین کی تعداد میں اضافہ کے لئے مسلسل اور کامیاب خدمات فراہم کیں۔ فورم میں پانچ بین الاقوامی فن ٹیکس نیٹ گارڈینز (فراڈ مینجمنٹ)، ڈیون ڈیجیٹل (بلاک چین)، ایچ آئی ڈی گلوبل (سیکورٹی اینڈ رسک) اور اٹوما ٹیکنالوجی (آٹومیٹڈ ٹیسٹنگ اینڈ ریلیز سلوشنز) کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں