پی ٹی آئی کشمیر نے پیپلز پارٹی کی ایک اور اہم وکٹ حاصل کرلی

ْ محمد امین چغتائی پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی کشمیر میں شامل

پیر 10 دسمبر 2018 22:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) پی ٹی آئی کشمیر نے پیپلز پارٹی کی ایک اور اہم وکٹ حاصل کرلی۔پیپلز پارٹی کے حلقہ جموں 6 سے ٹکٹ ہولڈر اور امیدوار اسمبلی محمد امین چغتائی پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر اپنے ساتھیوں سمیت بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لئے پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو گئے۔

اس بات کا اعلان انھوں نے یہاں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں آزا د کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی موجودگی میں ایک تقریب میں کیا۔ اس موقع پر تقریب سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امین چغتائی کی شمولیت سے پارٹی کو خاصی تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

ہم انہیں پی ٹی آئی کشمیر کے قافلے میں شامل ہو نے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

آزاد کشمیر میں اب تبدیلی کی ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں اور پی ٹی آئی کشمیر کے پلیٹ فارم پر لوگ جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔پی ٹی آئی کشمیر اس وقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے۔آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت انشاء اللہ پی ٹی آئی کشمیر کی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ میں باقی جماعتوں کے باضمیر کارکنوں سے کہوں گا کہ وہ آزادکشمیر میں کرپشن اور فراڈ کی سیاست کے خاتمے کے لئے ہمارا ساتھ دیں اور پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو جائیں۔

تاکہ ہم عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کو ختم کرکے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جس میں عوام کو انکے حقوق انکی دہلیز پر میسر ہوں۔اس موقع پر امین چغتائی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ انکی ہر کال پر لبیک کہیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں