فرحان محبوب ناکام، مصری کھلاڑی یوسف ابراہیم نے چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ مینز سنگلز ٹائٹل جیت لیا

پیر 10 دسمبر 2018 23:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) مصری کھلاڑی یوسف ابراہیم نے تیرہویں چیف آف نیول سٹاف انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ مینز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا، انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں پاکستانی کھلاڑی فرحان محبوب کو شکست دی۔ پیر کو روشن خان، جہانگیر خان سکوائش کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں مصری کھلاڑی یوسف ابراہیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے فرحان محبوب کو زبردست مقابلے کے بعد 11-7، 12-10 اور 11-8 سے ہرا کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ فاتح کھلاڑی یوسف ابراہیم کو 3249 امریکی ڈالر جبکہ فرحان محبوب کو 2052 امریکی ڈالرز انعام سے نوازا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خطاب میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان نیوی ملک میں انٹرنیشنل اور قومی ایونٹس کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، گالف، ہاکی، سکوائش، شوٹنگ اور سیلنگ جیسے ایونٹس کے انعقاد کا مقصد ملک میں صحت مند معاشرے کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں سول اور ملٹری شخصیات سمیت سپانسرز اور سینئرز سکوائش کھلاڑی بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں