وفاقی حکومت کا تمام سرکاری ملازمین کا نیا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 1 سے 22 تک کے وفاقی ملازمین کی تفصیلات مانگ لی

پیر 10 دسمبر 2018 23:56

اسلام آباد: (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) وفاقی حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کا نیا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ کر لیا، سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 1 سے 22 تک کے وفاقی ملازمین کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری ملازمین سے تفصیلات مانگنے کیلئے دو صفحات پر مشتمل فارم جاری کر دیا گیا ہے، فارم کے ذریعے ملازمین کو ذاتی اور پیشہ وارانہ تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فارم میں ملازمین کا نام، ولدیت، شناختی کارڈ نمبر، دوہری شہریت، جنس، بلڈ گروپ، پاسپورٹ نمبر، ازدواجی حیثیت، شریک حیات کی دوہری شہریت اور بچوں کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔فارم میں مذہب، گاڑی، موٹر سائیکل، معذور ہونے یا نہ ہونے، عہدہ، سکیل اور سرکاری ملازمت شروع کرنے کی تاریخ کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ سروس گروپ، تعیناتی کا مقام، صوبے کا نام، تعلیمی قابلیت، گزشتہ 3 سال میں حاصل ٹریننگ، رہائش اور یکم جولائی 2018ء تک کی پوزیشن کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں