پاکستان اور فرانس ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،ْ ڈائریکٹر سید جنید اخلاق

سفیر پاکستان معین الحق نے پاکستانی وفد کو پاکستان اور فرانس کے ثقافتی تعاون اور مزید مستحکم کرنے کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا

منگل 11 دسمبر 2018 20:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) پاکستان اور فرانس ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں یہ بات ڈائریکٹر جنرل وفاقی محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر حکومت پاکستان سید جنید اخلاق اورسیکرٹری ثقافت، سیاحت و آثار قدیمہ حکومت بلوچستان ظفر علی نے پیرس میں سفیر پاکستان برائے فرانس معین الحق سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پرمسٹر ایندر ڈی بوسے، کونسلر ثقافت وتعاون، فرانسیسی سفارت خانہ اسلام آباد بھی موجود تھے۔ سفیر پاکستان نے پاکستانی وفد کو پاکستان اور فرانس کے ثقافتی تعاون اور اسے مزید مستحکم کرنے کے لئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کے قومی تاریخی و ادبی ورثہ ڈویڑن اورفرانس کے موزے گومت کے درمیان ہونے والی یاد داشت کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

سفیر پاکستان نے پاکستان کی تاریخ اور مختلف ثقافتی ورثوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کے چھ ثقافتی مقامات یونیسکو کی فہرست میں شامل ہیں اور پاکستان کو اپنے مزید ثقافتی و قدرتی مقامات کو یونیسکو کی عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل کروانا چاہیے۔ بعدمیں ڈائریکٹر جنرل وفاقی محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر اور سیکرٹری ثقافت، سیاحت و آثار قدیمہ بلوچستان نے سفیر پاکستان کو وفاق اور حکومت بلوچستان کی جانب سے ثقافت، نئے عجائب گھروں تعمیر و حفاظت اورآثار قدیمہ کو محفوظ بنانے اور فروغ دینے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

دو رکنی پاکستانی ثقافتی وفدکے اس دورے کو سفارت خانہ فرانس، پاکستان نے ترتیب دیا ہے جس کے تحت یہ وفد سات دن تک فرانس میں قیام کریگا اور اپنے اس قیام کے دوران فرانسیسی وزارت خارجہ امور،وزارت ثقافت و میوزیم گومت کے اعلی افیسران سے ملاقاتیں کریگا اورفرانسیسی تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ کا بھی دورہ کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں