سپریم کورٹ میں متفرق مقدمات کی سماعت، ریپ کیس میں دو ملزمان کی سزائوں کے خلاف اپیلیں خارج

بدھ 12 دسمبر 2018 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ میں متفرق مقدمات کی سماعت جسٹس منظور ملک اور جسٹس طارق مسعود پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے میاں چنوں میں ریپ کیس میں عمر قید کے دو ملزمان شوکت حیات اور محمد اظہر کی سزائوں کے خلاف اپیلیں خارج کردی ہیں۔ سپریم کورٹ نے خیبر پختوانخوا کے علاقہ پشاور میں 2افراد کے قتل میں ملوث 5ملزمان سے متعلق کیس میںٹرائل کورٹ کو کیس کا ٹرائل دوبارہ تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔

دوران سماعت جسٹس منظور ملک نے کہا کہ پراسیکیوشن نے کیس کی تفتیش درست نہیں کی، ایک پستول سے چھ فائر ہوئے، ایک ایک گولی مقتولین کو لگی ، پستول کا فرانزک نہیں کرایاگیا، ثابت نہیں ہوسکا کہ فائر نگ کس نے کی، ملزم سجاد نے یا بیت اللہ نے جبکہ کیس میں پانچ افراد کو ملزم نامزد کردیا گیا۔

(جاری ہے)

جسٹس طارق مسعود نے ریمارکس دیئے کہ اگر دو افراد دو گولیوں سے قتل ہوجائیں تو کیا 100 افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کرکے جیل میں بند کردیا جائی ۔

عدالت نے رتہ امرال ڈھوک مٹکال راولپنڈی کے علاقہ میں باپ کے ہاتھوں بیٹے کے قتل کیس میں واقعہ کے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔ عدالت نے قتل کیس میں عمر قید کے ملزم گل زادہ خان کی سزامیں کمی کے لئے درخواست کی سماعت کی تو ملزم گل زادہ خان کی وکیل عائشہ تسنیم نے عدالت کو بتایا کہ گھریلو تنازعہ پر ملزم باپ گل زادہ خان نے فائرکرکے اپنے 19سالہ بیٹے عمر فاروق کو قتل کردیا تھا جس پر ماتحت عدالتوں نے ملزم کو عمر قید کی سزاء سنائی ہے ، ملزم کا قتل کا کوئی ارادہ نہ تھا، گھریلو جھگڑے میں اچانک اشتعال میں آکر فائر کر کے بیٹے کو قتل کردیا، عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کی عمر قید کم کرکے دس بارہ سال تک کردی جائے، ملزم 4نومبر 2012 سے جیل میں قید ہے، عدالت نے قرار دیاکہ مقتول کی بیوی اور والدہ جو موقع پرموجود تھیں، ان کا موقف بھی سنا جانا چاہئے، بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔

عدالت نے 66کلو گرام منشات کیس میں ملوث درخواست ضمانت کے ملزم سندھ کے وزیر علی سومرو کے حوالے سے ہدایت کی ہے کہ ٹرائل کورٹ تین ماہ میں ٹرائل مکمل کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں