کیڈٹ کالج مستونگ بلوچستان کے طلباء کے 50 رکنی وفد کا بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 18:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) کیڈٹ کالج مستونگ بلوچستان کے طلباء کے 50 رکنی وفد نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ وفد نے قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر اقدس نوید ملک اور نائب صدر انتظامی امور ڈاکٹر محمد منیر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد کو اسلامی یونیورسٹی کی دستاویزی فلم دکھائی گئی اور جامعہ کے کلیات، وظائف، داخلہ کے طریقہ کار اور معاشرے میں کردار کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

بریفنگ میں شعبہ تدریسی امور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سیّد نوید احتشام اور مشیر طلباء ڈاکٹر طارق جاوید بھی موجود تھے۔طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اقدس نوید ملک نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی بلوچستان کے طلباء کو ہر سمسٹر میں خصوصی کوٹہ کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ماحول کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار سے طلباء و طالبات کو متعارف کرانا اسلامی یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔

طلباء سے ڈاکٹر محمد منیر نے بھی خطاب کیا اور انہیں جامعہ کے ذیلی اداروں، نامور فارغ التحصیل طلباء و طالبات اور بین الاقوامی نوعیت کے تدریسی منصوبوں اور تعاون کے معاہدوں بارے آگاہ کیا۔ کیڈٹ کالج مستونگ کے وفد کی سربراہی اسسٹنٹ پروفیسر ارشاد گل کر رہے تھے۔ انہوں نے پرتپاک استقبال اور جامع بریفنگ پر جامعہ کے اعلیٰ عہدیدران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء کو اسلامی یونیورسٹی میں ترجیحی بنیادوں پر داخلوں کی فراہمی ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ بعد ازاں وفد نے جامعہ کی مرکزی لائبریری اور کلیات کا بھی دورہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں