متاثرین کے مطالبات،سیکٹر E-12 میں سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن عارضی طور پر موخر کر دیا گیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) سی ڈی اے اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر E-12 کی سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے آپریشن عارضی طور پر موخر کر دیا ۔ ناجائز تجاوزات اور تعمیرات کے خاتمے کے لیے ہیوی مشینری، سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے اور افسران کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران اور اہلکاروں کی بھاری نفری موجود تھی ۔

تاہم سیکٹر E-12 میں متاثرین کی بڑی تعداد نے اکٹھے ہو کر آپریشن کو رکوانے اور اپنے اضافی مطالبات کو منظور کرانے کے لیے شور و غوغا شروع کر دیا اور مزاحمت کی۔

(جاری ہے)

جس پر سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ نے جمع ہونے والے دو ہزار کے لگ بھگ افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پورے اسلام آباد میں بلا امتیاز آپریشن جاری ہے اور سیکٹر E-12 کے متاثرین کو اگر کوئی مسئلہ درپیش ہے تو وہ سی ڈی اے انتظامیہ سے رابطہ کریں تاکہ آپریشن کو خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔

بعد ازاں E-12 کے متاثرین پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ممبر اسٹیٹ سے ملاقات کی اور مطالبات سے آگاہ کیا جس پر آپریشن کو عارضی طور پر موخر کرتے ہوئے سیکٹر میں موجود انفورسمنٹ ، پولیس کی بھاری نفری اور مجسٹریٹ کو واپس بلا لیاگیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں