کاروبار ی طبقہ کیلئے آسانیاں پیدا کرنا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے،

حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سہولیات فراہم کرے گی، قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اگلے مرحلہ میں مزید پاکستانیوں کو قطر بھیجا جائے گا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سیّد ذوالفقار عباس بخاری کا تاجر برادری سے خطاب

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اور ہیومین ریسورس ڈویلپمنٹ سیّد ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے لیکن حکومت کی انتھک کوششوں سے معیشت 6 سے 8 ماہ میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے بھرپورکوشش کر رہی ہے تاکہ ملک پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار ی طبقہ کیلئے آسانیاں پیدا کرنا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے اور حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سہولیات فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سمیت بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ایک ون ونڈو آپریشن کی سہولت قائم کی جا رہی ہے جس سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا کہ عرب ممالک اب اپنے شہریوں کو روزگار فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس وجہ سے بہت سے پاکستانی عرب ممالک سے روزگار کھو رہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طریقہ کار طے کر رہی ہے جس کے تحت باہر سے فارغ ہو کر آنے والے پاکستانیوں کو دوسری مارکیٹوں میں کھپایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملائشیا، جنوبی کوریا، جاپان، اٹلی اور دیگر ممالک کو پاکستان کی افرادی قوت برآمد کرنے کیلئے کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ اگلے مرحلہ میں مزید پاکستانیوں کو قطر بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بائیو میٹرک سسٹم تیار کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان سے باہر جانے والوں اور واپس آنے والوں کا مکمل ڈیٹا بیس تیار ہو گا جو بے روزگار ہونے والے افراد کیلئے روزگار کی تلا ش میںمعاون ثابت ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ ایمپلائمنٹ پروموٹرز نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے حکومت ان کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں پاکستانیوں کی زیادہ تعداد ہے وہاں کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تعداد کو بڑھایا جائے گا تا کہ وہ ان کے مسائل حل کرنے میں مدد کر سکیں اور پاکستانیوں کیلئے نئی مارکیٹیں تلاش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ایسوسی ایشن کیلئے ایک کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے اور یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے نمائندے کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا عظیم سرمایہ ہیں اور حکومت ان کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرے کہ وہ اپنے علم، تجربے اور سرمایے کو پاکستان کی بہتر ترقی کیلئے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہیومین ریسوس کی بہتر ترقی کیلئے حکومت فوری مطلوبہ اقدامات اٹھائے تاکہ ہماری افرادی قوت معیشت کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پیشہ وارانہ اور ہنرمندی کی تعلیم و تربیت پر زیادہ توجہ دے تا کہ پیشہ وارانہ اور ہنرمند افراد تیار کرکے ملک بہتر صنعتی ترقی حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کو ان کے ہنر و پیشہ وارانہ صلاحیت کے مطابق ملک کے اندر اور باہر روزگار کی تلاش میں حکومت ان کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے بھی خصوصی مراعات فراہم کرے تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں ترغیب محسوس کریں جس سے معیشت بہتر ترقی کرے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ منسٹری آف اوورسیز پاکستانیز اور ہیومین ریسورس ڈویلپمنٹ چیمبرز آف کامرس کے تعاون سے ملک میں انٹرپرنیورشپ کی ترقی کیلئے کام کرنے پر غور کرے کیونکہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کے راستے پر ڈالنے اور ملک سے بے روزگاری و غربت کو کم کرنے کیلئے انٹرپرینیورشپ کا فروغ اشد ضروری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں