آنے والے دنوں میں بارش کے کم امکانات ہیں،محکمہ موسمیات

اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے،رپورٹس

ہفتہ 15 دسمبر 2018 15:40

آنے والے دنوں میں بارش کے کم امکانات ہیں،محکمہ موسمیات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بارشوں کے کم امکانات ہیں،میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایسے میں جبکہ شمال اور شمال مغربی علاقوں سے ملک میں سرد اور خشک ہوائیں جاری ہیں،اس کے باوجود آنے والے دنوں میں بارشوں کے انتہائی کم امکانات ہیں،جس سے اسلام آباد سمیت ملک کے بہت سے علاقوں میں پانی کی قلت ہوسکتی ہے۔

جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت3ڈگری سینٹی گریڈ اور مری میں مائنس1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر موجود سیٹلائٹ تصاویر میں بتایا گیا ہے کہ خلیج بنگال پر گہرے بادل اور شمالی ایران اور بحرکسپیئن میں بادل چھائے ہوئے ہیں،لیکن افغانستان سے بنگلہ دیش تک سارا خطہ صاف ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر مغرب سے مضبوط ہوائیں آتی ہیں تو وہ ایران سے پاکستان تک بادل لا سکتی ہیں،یا یہ کہ مشرق سے ہلکہ ہوائیں اپنے ساتھ کچھ نمی بھی لاسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پرسکون اور کم شدت کی ہوائیں آسکتی ہیں اور سرد اور خشک موسم ملک کے بہت سے حصوں میں جبکہ انتہائی سرد موسم ملک کے بالائی حصوں میں متوقع ہیں۔بارش کی کمی نے ملک میں پانی کی سپلائی کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے اور آنے والے دنوں میں ملک کے بہت سے حصوں میں پانی کا بحران سامنے آسکتا ہے،جس میں اسلام آباد بھی شامل ہی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں