مسیحی بستیوں اورگرجا گھروں میں کرسمس کی تیاریاں جاری

پیر 17 دسمبر 2018 14:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) مسیحی بستیوں اورگرجا گھروں میں کرسمس کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں‘ مسیحی برداری کے مردوخواتین اور بچے حضرت عیسٰیؑ کا یوم ولادت 25 دسمبر کو مذہبی جوش وخروش اورعقیدت واحترام سے منانے کیلئے پرجوش ہیں ۔ مسلم برادری اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کی طرف سے بھی مذہبی ہم آہنگی کی روایت برقراررکھتے ہوئے مسیحیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریبات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

کر سمس پر مسیحی بستیوں اور گرجا گھروں کی تزئین وآرائش اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا اورکرسمس ٹریز کو سجایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ کرسمس کے خصوصی کیک کاٹے جاتے ہیں۔ مسیحی برداری اس دن کی مناسبت سے نئے ملبوسات پہن کر خصوصی عبادات میں شریک ہوتی ہے اور ملک اور قوم کی سلامتی ‘ ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیاجاتا ہے۔

(جاری ہے)

مسیحی پادری ‘ پاسٹر حضرات کو نجی تقریبات میں مدعو کیاجاتا ہے جو حضرت عیسٰیؑ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے پرامن معاشرے کی تشکیل میں کردارادا کرنے کی تلقین کرتے ہیں۔ مسیحی مذہبی تہوار کے موقع پر سانتا کلاز کا کرداربچوں میں بہت مقبول ہوتا ہے جو اپنے مخصوص انداز میں بچوں اور بڑوں میں تحائف اور مٹھائیاں تقسیم کرتا اورامن کے گیت پیش کرتا ہے۔

مسیحی مذہبی تہوار کی تیاریوں کے سلسلہ میں تجارتی مراکز میں بھی خریداری زورشور سے جاری ہے اور کئی ایک مقامات پر کرسمس ٹریز سجائے جائے جارہے ہیں ۔ سی ڈی اے مزدوریونین کی طرف سے بھی ایک بڑی تقریب کا اہتمام کیاجارہا ہے جس میں گھڑسواری‘ نیزہ بازی کے مقابلوں کے علاوہ مختلف رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جائیںگے جس میں مسیحی مذہبی شخصیات کے علاوہ علمائے کرام اور دیگرمذاہب کے لوگوں کو بھی مدعو کیاجائے گا اورمسیحی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہارکیاجائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں