سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس 20 دسمبر کو بیجنگ میں ہو گا،

اجلاس میں صنعتی تعاون کے فریم ورک، زراعت اور سوشل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہونے کاامکان ہے

پیر 17 دسمبر 2018 21:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس 20 دسمبر کو بیجنگ میں ہو گا۔ اجلاس میں شرکت کے لئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور شماریات مخدوم خسرو بختیار کی قیادت میں سینئر وفاقی و صوبائی حکام پر مشتمل وفد منگل کو پہنچ رہاہے۔اجلاس میں صنعتی تعاون کے فریم ورک، زراعت اور سوشل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہونے کاامکان ہے اجلاس میں اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہونگے۔

وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے ذرائع کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق کابینہ کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاس میں صنعتی تعاون کے لئے پیشرفت کے حوالے سے اقدامات آگے بڑھانے کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستانی وفد وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی خسرو بختیار کی زیر قیادت شرکت کرے گاجس میں وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی توثیق کی جائے گی ، زراعت کے لئے الگ سے فریم ورک کی تجویز بھی زیرغور ہے، زراعت میں سرمایہ کاری کا میکنزم بھی مذکورہ اجلاس میں زیر بحث آئے گا۔اجلاس میں پاکستان میں صنعتی تعاون کے حوا لے سے اہم فیصلے ہونگے جس میں رشکئی اکنامک زون بھی شامل ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں