وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کا G-7/3 ڈسپنسری کا اچانک دورہ کیا،

ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم، پمز میں نجی ٹی وی کے کیمرہ مین سید واجد علی کی عیادت کی

منگل 18 دسمبر 2018 16:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے اسلام آباد G-7/3 ڈسپنسری کا اچانک دورہ کیا ڈسپنسری میں موجود سول سرجن ڈاکٹر کو ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک کو غیر حاضر ڈاکٹر کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ وزیر صحت نے ای ڈی کو ہدایت کی ہسپتالوں میں سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر صحت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی ناکارہ ایمبولینسوں کی فہرست فراہم کی جائے تاکہ ان کی جگہ نئی ایمبولینسوں کا بندوبست کیا جا سکے وزیر صحت نے بعد میں G-7/3 میں سکول آف نرسنگ کا بھی دورہ کیا اور سٹاف سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے کہا نرسنگ کے شعبے کو مربوط بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں نرسنگ کا شعبہ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کا حیثیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے اسلام آباد میں واقع G-7/2 ڈسپنسری کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیر صحت نے انتظامیہ سے ڈسپنسری بارے درپیش چیلنجز اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر صحت نے کہا صحت ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیر صحت نے کہا ان ڈسپنسریز کو اپ گریڈ کریں گے اور مکمل فعال بنایا جائے گا تاکہ عوام کے لیے صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے پمز ہسپتال میں سماء ٹی وی کے کیمرہ مین سید واجد علی کی عیادت کی۔ گذشتہ روز نواز شریف کے گن مین نے سماء کے رپورٹر پر تشدد کر کے سید واجد علی کو زخمی کر دیا تھا وزیر صحت نے انتظامیہ کو ہدایت کی انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور ہم اس تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں