عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹرز کی پاکستان کی پولیو کے خاتمہ کیلئے کی گئی کوششوں تعریف

پاکستان نے پولیو کو کنٹرول کرنے میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا، 20000 کیسز سے 8 کیسز تک کم کر دیئے ہیں ، بہترین حکمت عملی سے اس سال صرف 8 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ، اب ہم پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمہ کے قریب پہنچ گئے، ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹراحمدالمندہیری

منگل 18 دسمبر 2018 17:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد المندہیری اور یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر جین گوف نے پاکستان کی پولیو کے خاتمہ کیلئے کی گئی کوششوںکو سراہا ہے۔ پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے دونوں معززین نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر ان کو پاکستان پولیو پروگرام کی اب تک کی گئی پیشرفت اور درپیش چیلنجوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون برائے پولیو بابر بن عطاء نے معزز مہمانوں کو قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر اسلام آباد آمد پر استقبال کیا اور گذشتہ ماہ وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والی نیشنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے سرگرم ہیں اور پولیو کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

قومی ایمرجنسی آپریشنز اسلام آباد کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر نے پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے درپیش چیلنجوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ پاکستان پولیو پروگرام تکنیکی بنیاد پر کام کرتے ہوئے بہت جلد پاکستان کو پولیو سے پاک کردیں گے، سردیوں کے موسم میں انسداد پولیو مہم زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے اس لئے ان دنوں ہونے والی انسداد پولیو مہم میں کوشش ہے کہ ملک میں پیدائش سے پانچ سال تک کوئی بچہ بھی انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے نہ رہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹراحمدالمندہیری نے اجلاس میں کہا کہ پاکستان نے پولیو کو کنٹرول کرنے میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوے کی دہائی میں 20000 کیسز سے 8 کیسز تک کم کر دیئے ہیں بہترین حکمت عملی سے اس سال صرف 8 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں اب ہم پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمہ کے قریب پہنچ گئے ہیں ، عالمی ادارہ صحت اس سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔

یونیسف کے ریجنل ڈائریکٹر جین گوف نے اس موقع پر کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ کیاجائے، ہم حکومت پاکستان کو پولیو کے خاتمہ کیلئے کی جانے والی کوششوں پر مبارکباد دیتے ہیں اورامید ہے کہ بہت جلد پاکستان پولیو سے پاک ہوجائے گا۔ جاری بیان کے مطابق اجلاس کے اختتام پر دونوں معزز مہمانوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم تمام پارٹنرز پولیو کے خاتمہ کیلئے متحد ہیں اور بہت جلد پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنادیاجائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں