سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بازاروں، ریڈی میڈ گارمنٹس مارکیٹوں خصوصاً لنڈا بازار کی رونقیں دوبالا ہوگئی

منگل 18 دسمبر 2018 18:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بازاروں، ریڈی میڈ گارمنٹس مارکیٹوں خصوصاً لنڈا بازار کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں جہاں بڑی تعداد میں جرسیوں،کوٹوں،جرابوں، رضائیوں ، کمبلوں ، گرم لحافوں ، کوٹ ، سویٹرز ، ونٹر ملبوسات فروخت کیلئے رکھی گئی ہیں اور وہاں عوام کا بھی رش دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ غریب ، محنت کش ،متوسط و سفید پوش طبقہ کے افراد بڑی تعداد میں لنڈ ا بازاروں کا رخ کر رہے ہیں جن میں خواتین کی کثیر تعداد بھی شامل ہے۔

۔منگل کو اے پی پی کے سروے کے مطابق سردی میں ا ضافہ کے ساتھ ہی بہت سے مقامات پر لنڈا بازار سج گئے ہیں۔ مہنگائی نے عوام کو بری طرح متاثر کیا لنڈا بازار بھی مہنگائی کے اثرات سے محفوظ نہ رہ سکا ہے اور لنڈے کے سیکنڈ ہینڈ کپڑوں کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کر نے لگی ہیں۔

(جاری ہے)

لنڈا بازار کے دکانداروں نے مئوقف اختیار کیا ہے کہ چونکہ لنڈے کے گرم کپڑوں کی گانٹھوں کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اوران کی ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بھی زیادہ ہو گئے ہیں اس لئے مجبوراً انہیں کپڑوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔

اس موقع پر لنڈا بازار میں پرانے کپڑوں کی خریداری کیلئے آنے والی خواتین نے قیمتوں میں بلا جواز اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ اکثر شعبہ جات میں قیمتوں پر متعلقہ اداروں کا کوئی کنٹرول اور چیک اینڈ بیلنس نہیںہے اس لئے دکاندار غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔ اس طرح موجودہ حالات میں غریب افراد کیلئے لنڈے کے کپڑوں کی خریداری بھی ان کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے ۔ انہوںنے حکومت سے فوری کارروائی اور قیمتوں پر کنٹرول کیلئے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں