برٹش ایئر ویز کا 10 سال کے تعطل کے بعد اگلے سال جون سے پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ

پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے اور پاکستان کی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے قائمقام بر طانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراوڈلر کا عبدالرزاق دائود اور اور ذوالفقار عباس بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 18 دسمبر 2018 19:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) برطانوی فضائی کمپنی برٹش ایئر ویز نے 10 سال کے تعطل کے بعد اگلے سال جون سے پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان پاکستان میں برطانیہ کے قائمقام ہائی کمشنر رچرڈ کراوڈلر نے تجارت سے متعلق وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود اور اوورسیز پاکستانیز سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری کے ہمراہ منگل کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

رچرڈ کراوڈر نے کہا کہ برٹش ایئر ویز اگلے سال جون سے پاکستان کیلئے پروازیں بحال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ برٹش ایئر ویز لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے پاکستان کیلئے ہفتہ میں تین پروازیں کرے گی۔ رچرڈ کراوڈر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

قائمقام ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے اور پاکستان کی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تیسرا بڑا سرمایہ کار ہے، دونوں ممالک کے تعلقات بہت خاص ہیں۔ برٹش ایئر ویز کے ایشیا پیسیفک اور مشرقی وسطیٰ کے سیلز سربراہ رابرٹ ولیم نے اس موقع پرکہا کہ پاکستان کاروباری لحاظ سے ایک اچھی منزل ہے اور ہم نے حالات میں بہتری دیکھ کر واپسی کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود اور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے برٹش ایئر ویز کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ پاکستان میں تیزی سے بہتری ہوتی ہوئی کاروباری ماحول پر بین الاقوامی برادری اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے۔

زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان میں استحکام کی وجہ سے سرمایہ کاری آ رہی ہے، موجودہ حکومت ملک کی اقتصادی بہتری کیلئے کوشاں ہے جبکہ برٹش ایئر ویزکی پروازوں کی بحالی رابطہ کاری کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش ایئرویز کے آنے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ہمارے برطانیہ سے تاریخی تعلقات ہیں اور برٹش ایئر ویز کی پاکستان پروازوں کی بحالی بہت اہمیت کی حامل ہے۔

برٹش ایئر ویز کی پاکستان آمد باقی برطانوی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ سے شہر تک میٹرو منصوبے کی جلد تکمیل بارے وزیراعظم کے نوٹس میں لایا جائے گا۔ ایئر پورٹ سے شہر تک مناسب ٹرانسپورٹ نظام پر کام کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں