ہم سینٹ ایوان کی عزت برقرار رکھیں گے، کسی ممبر کے ساتھ بھی زیادتی ہوئی تو اس کے لئے لڑیں گے

منگل 18 دسمبر 2018 19:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) قائم مقام چیئرمین سینٹ سلیم ایچ مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ہم اس ایوان کی عزت برقرار رکھیں گے، کسی ممبر کے ساتھ بھی زیادتی ہوئی تو اس کے لئے لڑیں گے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر پیر صابر شاہ کے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹر محسن عزیز اور دو اور سینیٹرز سے متعلق نیب انکوائری کا معاملہ سامنے آیا ہے، اس سلسلے میں چیئرمین سینٹ کو بھی میں نے خط لکھ دیا ہے کہ اگر کسی رکن سے انکوائری مقصود ہے تو اس سے متعلق پہلے سینٹ سے تصدیق ضروری ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے پر اپنے ارکان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی عزت برقرار رکھیں گے۔ پیر صابر شاہ نے کہا کہ نیب سے انکوائری کے حوالے سے ایک فہرست جاری ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 1985ء میں آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے پیر صابر شاہ کا نام بھی اس میں شامل ہے، تسلسل سے میڈیا میری تصویر کے ساتھ یہ خبر چلاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خاندان کی اشاعت اسلام، انسانیت اور سماجی خدمات کے حوالے سے بہت خدمات ہیں، جس پیر صابر شاہ کا نام نیب انکوائری میں ہے ان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے لیکن میڈیا میں میری تصویر آنے سے میرے خاندان کی عزت پر حرف آیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں