پاکستان کے وفد کی سعودی عرب میں شوریٰ کونسل کے سپیکر عبداللہ بن محمد الشیخ سے ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور ،خطے کی سیاسی صورتحال ، پاک سعودی دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے علاوہ دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 18 دسمبر 2018 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں سینیٹ آف پاکستان کے وفد نے سعودی عرب کے درالحکومت ریاض میں سعودی شوریٰ کونسل کے سپیکر عبداللہ بن محمد الشیخ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،خطے کی سیاسی صورتحال ، پاک سعودی دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے علاوہ دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی کے لازوال رشتے میں جڑے ہوئے ہیں جس کی بنیادیں تاریخی ، جغرافیائی ، مذہبی اور ثقافتی مماثلتوں پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں کے ذریعے تعاون کے لئے نئی راہیں ہموار کی جا سکتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور پائیدار امن کی پائیدار ترقی کا ضامن ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میںپاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستانی عوام اور حکومت سعودی عرب کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹر ز احمد خان ، مرزا محمد آفریدی ،نصیب اللہ بازئی ، فدا محمد خان ، محمد طلحہ محمود ، دلاور خان ، خانزادہ خان اور غوث محمد نیاز ی شامل تھے ۔

وفد کے ارکان نے سعودی عرب کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پرزور دیا ۔وفد نے بعد ازاں شوریٰ کونسل کی عمارت کا دورہ بھی کیا اور شوریٰ کے کام کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا جبکہ وفد نے شوریٰ کی کارروائی بھی دیکھی ۔شوریٰ کے سپیکر نے چیئرمین سینیٹ اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور دونوں ملکوں کی عوام ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں