سینیٹر راحیلہ مگسی کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کا اجلاس

منگل 18 دسمبر 2018 20:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے متفقہ طور پر اتفاق کیا ہے کہ حکومت کو ملک بھر میں ایک ہی سرکاری تعلیمی نظام نافذ کرنا چاہئے، کمیٹی نے اس سلسلہ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

منگل کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر راحیلہ مگسی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس کو بتایا کہ تعلیمی اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ کمیٹی کی حمایت پر شکرگزار ہیں۔ سینیٹر عتیق شیخ نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری نے نجی تعلیمی اداروں کا ترمیمی بل 2016ء پیش کیا۔

(جاری ہے)

میاں عتیق نے بل کے نمایاں خدوخال بیان کرتے ہوئے کہا کہ کچھ نجی سکولوں میں مطالعہ پاکستان، اخلاقیات، اسلامیات جیسے مضامین نہیں پڑھائے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مضامین طلباء کے تشخص کو بہتر بنانے کیلئے انتہائی ضروری ہیں، ہمیں بچوں کو اسلامی اقدار سکھانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل صرف اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کیلئے ہے۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر اس بل کی منظوری دی ہے۔ اس بل پر وفاقی وزیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک بھر میں یکساں تعلیمی نظام متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف طرح کے نصاب سرکاری اور نجی سکولوں میں پڑھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو طرح کے تعلیمی نظام معاشرے میں تقسیم پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے باوجود صوبے اور مرکز مشترکہ طور پر نئے نصاب کو تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی نصاب کونسل میں تمام صوبوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا، وفاقی حکومت اس سلسلہ میں لیڈر شپ کا رول ادا کر رہی ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین سیّد نے وفاقی وزیر تعلیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بروقت فیصلہ ہے اور ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ سینیٹر مولوی فیض محمد نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا چاہئے، ماضی میں ہم نے اچھے سائنسدان بنائے۔ سینیٹر شمیم آفریدی کے ڈی آئی خان، کوہاٹ روڈ پر خواتین یونیورسٹی قائم کرنے کے مطالبہ پر کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمشین کو ہدایت دی کہ وہ اس علاقہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس حوالہ سے اقدامات کرے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی نے اس حلقہ کے لوگوں کی ضروریات پور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، سینیٹر مشاہد حسین سیّد، سیّد مظفر حسین شاہ، ثمینہ سعید، شمیم آفریدی، قرة العین مری، میاں محمد عتیق شیخ، پروفیسر ڈاکٹر مہر تاج، نعمان وزیر خٹک، مولوی فیض محمد، سیکرٹری تعلیم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی، وزارت قانون کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں