سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے سیکٹوریل ایریا میں تجاوزات کے خاتمہ کا آپریشن شروع کر دیا

بدھ 19 دسمبر 2018 18:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے اسلام آباد کے سیکٹوریل ایریا میں ایسے گھروں کے مکینوں اور مالکان کے خلاف تجاوزات کے خاتمہ کے آپریشن کا آغاز کیا ہے جنہوں نے اپنی عمارات بشمول بلند و بالا عمارتوں، کمرشل، صنعتی، اداروں، رہائشی گھروں اور سرکاری رہائش گاہوں کے باہر غیر قانونی طور پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔

اس آپریشن کے دوران سی ڈی اے ایسی تمام تجاوزات کا خاتمہ کرے گا جو گھروں کے مکینوں یا مالکان کی طرف سے سی ڈی اے اراضی پر غیر قانونی طور پر قائم کی گئی ہیں ان میں غیر قانونی طور پر کار شیڈز، سیکورٹی کیبن اور لان اور باغیچوں کی تعمیر کے علاوہ کار پارکنگ کیلئے سرکاری زمین کا استعمال شامل ہے۔

(جاری ہے)

اس آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور بلڈنگ کنٹرو ل کا عملہ اور افسران حصہ لے رہے ہیں۔

اس آپریشن کے پہلے مرحلہ میں اسلام آباد کے سیکٹر G-6 میں قائم کی گئیں متعدد غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ اس آپریشن کے دوران اب تک مختلف عمارتوں کے باہر لگائے گئے 03 بیریئرز، 05 باڑیں، ایک کانٹے دار تار اور 02 لوہے کی گریلیں ختم کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے کو اس سلسلہ میں متعدد شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کے بعد ادارے نے اس کے ازالہ کیلئے اس آپریشن کا فیصلہ کیا۔

ابتدائی طور پر سی ڈی اے نے بذریعہ پبلک نوٹس بلڈنگ مالکان ا ور مکینوں بشمول بلند و بالا عمارتوں، کمرشل ، صنعتی اداروں ، حکومتی عمارات اور رہائشی گھروں کومتنبہ کیا تھا کہ وہ سرکاری اراضی پر قائم کردہ تجاوزات کو دی گئی مہلت تک از خودختم کر دیں۔ دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد سی ڈی اے نے اس آپریشن کا آغاز کیا ہے جس کے دوران عمارتوں کے باہر سرکاری اراضی پر قائم کی گئیں تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔ یہ آپریشن تجاوزات کے مکمل خاتمہ تک بلا تفریق جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں