اے این پی نے جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے ملک بھر میں ممبر سازی کا آغاز کر دیا ہے،

سرائیکی صوبہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں عوامی نیشنل پارٹی کے جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 19 دسمبر 2018 18:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اے این پی نے جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمیں ڈکٹیشن دینے کی بجائے اپنے مسائل پر توجہ دیں، اے این پی نے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے ملک بھر میں ممبر سازی کا آغاز کر دیا ہے، سرائیکی صوبہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی ملک کی واحد جماعت ہے جو باقاعدگی سے انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد کراتی ہے اور ہر چار سال بعد ہمارے الیکشن کا انعقاد ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ممبر سازی کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 31 جنوری تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یکم فروری 2019ء سے 30 مارچ تک وارڈ، تحصیل اور ضلعی تنظیمی-ں بنائی جائیں گی۔

اس طرح یکم اپریل 2019ء سے 30 اپریل تک صوبائی الیکشن اور تمام صوبائی یونٹس پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2019ء میں انٹرا پارٹی الیکشن منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نے جمہوریت کیلئے ہمیشہ بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ قربانیاں عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں کو آج بھی دہشت گردی کا خطرہ ہے، ہمارے ساڑھے 8 سو سے زائد کارکن شہید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ غریب کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے، باچا خان نے جب پارٹی کی بنیاد رکھی تو ان کا منشور یہی تھا کہ امیر اور غریب کو یکساں حقوق ملیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر سرائیکی صوبہ بنانے کی بھرپورحمایت کرتے ہیں اور یہ ہماری پارٹی کے منشور کا حصہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ پاکستان کو ڈکٹیشن دینے کی بجائے اپنے مسائل پر توجہ مرکوز رکھیں، انہیں پاکستان کے معاملات میں بلاوجہ مداخلت کرنے کا کسی نے اختیار نہیں دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی میں سے جن عہدیداروں کو نکالا گیا ہے انہوں نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اور جب ان سے جواب مانگا گیا تو انہوں نے پارٹی کو مطمئن نہیں کیا۔ اس موقع پر اے این پی پنجاب کے صدر منظور خان اور پارٹی کے دیگر عہدیدار بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں