سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پی ٹی اے کو موبائل فون رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنانے اور مزید 60 روز کی توسیع کی ہدایت

منگل 15 جنوری 2019 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پی ٹی اے کو موبائل فون رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنانے اور مزید 60 روز کی توسیع کی ہدایات جاری کی ہیں۔ پی ٹی سی ایل پنشنروں کی ادائیگیوں کے بارے جواب دے۔15 جنوری کے بعد موبائل فون کی رجسٹریشن کیلئے 10 فیصد اضافی ڈیوٹی ادا کرنا ہو گی۔

کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو چئیر پرسن سینیٹر روبینہ خالد کی صدارت میں ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سنیٹر تاج آفریدی نے کہا کہ ڈیوٹی سٹرکچر پر بات کرنا ضروری ہے۔ وزیر مملکت اس حوالہ سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹیز بڑھانے سے موبائل فونز کی قیمت میں اضافہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

سنیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ ڈیوٹیز اور ٹیکسز بڑھانے سے تجارتی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑے گا۔

سینیٹر عتیق شیخ نے کہا کہ پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ ڈیڑھ کروڑ فون ایسے ہیں جن کی رجسٹریشن کرانا ہو گی۔ پی ٹی اے نے رجسٹریشن کے حوالہ سے ایف بی آر کو ٹریپ کیا ہے۔ موبائل رجسٹریشن کا نظام پی ٹی اے کا ایجاد کردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اور وزیراعظم کو موبائل رجسٹریشن کے حوالہ سے گمراہ کیا گیا ہے۔ موبائل رجسٹریشن کے نظام میں نئے آنے والے موبائل فون کی ڈیوٹیز ٹیکس کا نظام نہیں ہے، اگر کسی نے پھوپھی اور ساس کو خوش کرنا ہو تو اسے استعمال شدہ موبائل پر رعایت دیدیں۔

استعمال شدہ موبائل کیلئے کوئی الگ طریقہ کار اپنایا جائے۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی روبینہ خالد نے کہا کہ موبائل رجسٹریشن کے حوالہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، یہ کام بغیر تیاری کے شروع کیا گیا اس لئے پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔ کمیٹی کو کسٹمز حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 15 جنوری تک رجسٹر نہ ہونے والے موبائل فونز پر 10 فیصد جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

ائر پورٹس پر اب تک37ہزار موبائل فون رجسٹرڈ کر چکے ہیں حکام ٹیکسز /ڈیوٹیز ادا نہ کرنے والوں کو آن لائن ادائیگی کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔ 40 فیصد موبائل فون سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی طریقوں کے زریعے درآمد کئے جاتے تھے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ باہر سے آنے والے افراد کیلئے ملک میں موبائل رجسٹریشن کا عرصہ کم ہے۔ موبائل رجسٹریشن کیلئے ایک ماہ کا عرصہ کم ہے، اسے بڑھا کرساٹھ روز کیا جائے۔وزیر آئی ٹی نے کہا کہ انٹر نیٹ براڈبینڈ کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں