پاکستان فٹ ویئر مینو فیکچررز ایسو ایشن کا پانچواں سالانہ میگا لیدر شو27 جنوری سے شروع ہوگا،انتظامات مکمل

بدھ 16 جنوری 2019 17:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) پاکستان فٹ ویئر مینو فیکچررز ایسو ایشن کے 27 جنوری سے شروع ہونے والے پانچویں سالانہ میگا لیدر شو میں چین،ویتنام ،اٹلی،جرمنی،بھارت اور جاپان سمیت لیدر کی صنعت سے وابستہ 90 کے قریب ملکی و غیر ملکی کمپنیاں شرکت کریں گی جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ ایسو ایشن کے ذرائع نے اے پی پی کوبتایا کہ پانچواں سالانہ 3 روزہ میگا لیدر شو لاہور انٹر نیشنل ایکسپو سینٹر میں27 جنوری سے شروع ہوگا جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، شو میں 90 کے قریب ملکی و غیر ملکی کمپنیاں حصہ لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ میگا لیدر شو میں لیدر کی صنعت سے وابستہ چین،ویتنام ،اٹلی،جرمنی ، بھارت اور جاپان سمیت کئی ملکی و غیر ملکی کمپنیاں جوتے،دستانے، جیکٹس سمیت چمڑے کی دیگر مصنوعات کے سٹال لگائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میگا لیدر شو کے آغاز سے قبل 26 جنوری (ہفتہ ) کو لاہور کے نجی ہوٹل میں پاکستان فٹ ویئر مینو فیکچررز ایسوسی ایشن اٹلی کے ساتھ مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کرے گی، اس تقریب میں پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر شرکت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میگا لیدر شو کے انعقاد کا مقصد لیدر کی پاکستانی مصنوعات کو دنیا بھر میں متعارف کرانا اور لیدر سازی کی صنعت کو فروغ دینا ہے،شو کی بدولت صنعت سے وابستہ افراد کو نئے آئیڈیاز ملیں گے۔اس میگا لیدر شو کے انعقاد کے لیے پاکستان فٹ ویئر مینو فیکچررز ایسو سی ایشن کو ٹریڈ ڈیویلپمینٹ اتھارٹی آف پاکستان،پاکستان گلوز مینو فیکچررز ایسو سی ایشن،پاکستان لیدر گارمنٹس مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹ ایسو سی ایشن اور پی ٹی اے کا تعاون حاصل ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں