وزارت ہائوسنگ کے احکامات سٹیٹ آفیسر عبیدالدین نے ہوا میں اڑا دیئے

وزارت کی جانب سے پولی کلینک کے ڈاکٹر کو الاٹ شدہ گھر سٹیٹ آفیسر نے غیرقانونی طور پر اپنے چہتے کو دیدیا ڈاکٹر عنایت اللہ کے حوالے سے رواں ہفتہ پیشرفت ہونے کا امکان ہے، ذرائع وزارت

بدھ 16 جنوری 2019 23:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کو سٹیٹ آفس کی جانب سے ایک اور سبکی کا سامنا ، وزارت کی جانب سے الاٹ ہونے والا گھر سٹیٹ آفس نے غیرقانونی طور پر کسی اور آفیسر کو قبضہ دلوا دیا ۔دستاویزات کے مطابق وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس نے فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک ہسپتال کے سینئر سرجن ڈاکٹر عنایت اللہ بیگ کو سیکٹر ایف سکس تھری گلی نمبر 12 میں نیوہائوس نمبر28ایچ ،28جون2018ء کو الاٹ کیا ۔

نوٹیفیکیشن نمبر 99-H(News-28-H) ای ون کے مطابق وزارت نے سٹیٹ آفیسر اسلام آباد کو ہدایت دی کہ مذکورہ گھر پولی کلینک کے افسران کے پول پر ہے اور فوری طور پر مذکورہ گھر دلوایا جائے ۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عنایت اللہ بیگ گھر میں شفٹ ہونے کے لئے گئے تو وہاں پر غیرقانونی طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل نیلوفر حفیظ قیام پذیر تھیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں متاثرہ ڈاکٹر نے سٹیٹ آفس سے مدد کی اپیل کی تو سٹیٹ آفیسر عبیدالدین نے ایک نہ سنی اور وزارت کے احکامات کو کھو کھاتے ڈال دیا ۔ڈاکٹر عنایت اللہ نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے بھی اپیل کی ہے کہ وزارت کے ماتحت ادارے اور ان کے ایک آفیسر کی جانب سے جان بوجھ کر ان کیساتھ نازیبا رویہ اپنایا گیا اور غیر قانونی طور پر کسی اور آفیسر کو گھر الاٹ کیا گیا ۔دوسری جانب وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عنایت اللہ کے حوالے سے رواں ہفتہ پیشرفت ہونے کا امکان ہے اور سٹیٹ آفیسر سے اس حوالے سے جواب طلب کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں