سپریم کورٹ کی اسلام آباد کی ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کے معاملے میں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

بدھ 16 جنوری 2019 23:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کے معاملے میں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء کی ہڑتال کے باعث عدالتوں میں کام نہیں ہورہا۔ بدھ کو نامزد چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسلام آباد کی ضلعی عدلیہ میں ہڑتال سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی نے پیش ہوکر عدالت کو بتایا کہ ضلعی عدالتوں میں اس وقت کوئی کام نہیں ہورہا، اس وقت ماتحت عدالتیں بند ہیں، جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ان سے کہا کہ آپ لوگوں نے ہی کام چھوڑ رکھا ہے، وکلا کی ہڑتال کی وجہ سے عدالتوں میں بھی کام نہیں ہورہا۔

(جاری ہے)

فاضل وکیل کاکہناتھا کہ اسلام آباد کی نومنتخب ڈسٹرکٹ بار نے ہڑتال ختم کرا دی ہے، جس پر عدالت نے ان سے کہاکہ آپ نے ہڑتال ختم نہیں کی بلکہ روزانہ کی بجائے کم کردی ہے، میں اخبار میں پڑھ رہا تھا کہ منگل اور جمعہ کو ہڑتال ہوگی، ویسے بھی ہفتے میں دو دن کا ناغہ ہوتا ہے۔

فاضل جج نے مزیدکہا کہ ہمارے ججز عدالتوں میں بیٹھے ہیں ،وہ توکہتے ہیں کہ سائل آئے اور ہم ان کو انصاف دلادیں، ویسے بھی یہ معاملہ ہائی کورٹ سے متعلق ہے ، آپ انہی سے رجوع کریں۔ بعدازاں عدالت نے درخواست نمٹادی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں