پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں تاخیر اور لاگت میں اضافہ کے حوالہ سے نیب کو دو ہفتوں میں پیشرفت سے آگاہ کرنے کا حکم

جمعرات 17 جنوری 2019 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں تاخیر اور لاگت میں اضافہ کے حوالہ سے نیب کو حکم دیا ہے کہ دو ہفتوں کے اندر اس بارے میں ہونے والی پیشرفت سے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں کمیٹی کے کنوینئر سیّد فخر امام کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی کے ارکان راجہ پرویز اشرف، نور عالم خان، رانا تنویر حسین اور شاہدہ اختر علی کے علاوہ متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی کو سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ کی لاگت 35 ارب سے شروع ہو کر 108 ارب تک پہنچ چکی ہے جس میں سے اکتوبر 2018ء تک 85 ارب روپے خرچ بھی کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ کی تعمیر کی لاگت میں مجموعی طور پر 59 ارب 91 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ سابق پی اے سی کے حکم پر اس منصوبہ کی تین انکوائریاں ہو چکی ہیں۔ ایک انکوائری پاک فوج کے شعبہ انجینئرنگ کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) شاہد نیاز، دوسری انکوائری ایف آئی اے اور تیسری انکوائری شمس الملک کی کمیٹی نے کی۔ تینوں کمیٹیوں نے امریکی کمپنی بی ایل جی گروپ سمیت مختلف عہدیداروں کو ذمہ دار ٹھہرایا جس پر عمل کرتے ہوئے سی اے اے کے چار عہدیداروں کی تنزلی کی گئی اور ایک کو قبل از وقت جبری ریٹائر کر دیا گیا۔

آڈٹ حکام کا کہنا تھا کہ ہم نے جس فنڈ کی نشاندہی کی تھی اس میں سے اب تک ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایئرپورٹ منصوبے کا سنگ بنیاد سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں اس وقت رکھا گیا تھا جب اس کا پی سی ون بھی تیار نہیں تھا۔ بعد میں جب پی سی ون بنایا گیا تو بہت سی چیزیں اس میں شامل نہیں تھیں۔ ابتدائی طور پر یہ 35 ارب روپے کا منصوبہ تھا۔

کمیٹی کے کنوینئر سیّد فخر امام نے نیب حکام سے پوچھا کہ تحقیقات میں اور کتنا وقت لگے گا۔ نیب حکام نے کہا کہ چار ماہ لگیں گے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ نیب جس کیس کی انکوائری کرنا چاہتا ہے ایک ماہ میں کرلیتا ہے۔ سیّد فخر امام نے کہا کہ 11 ماہ تو پہلے ہی گزر چکے ہیںً کمیٹی نے نیب کو حکم دیا کہ تحقیقات میں اب تک ہونے والی پیشرفت سے کمیٹی کو دو ہفتوں کے اندر تفصیلات فراہم کی جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں