صدرنیشنل پریس کلب شکیل قرار کی زیرِ صدارت نومنتخب گورننگ باڈی کا پہلا باضابطہ اجلاس

نومنتخب باڈی کانیشنل پریس کلب اسلام آباد اور کیمپ آفس راولپنڈی میں غیر پیشہ وارانہ سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا متفقہ فیصلہ

جمعرات 17 جنوری 2019 00:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) نیشنل پریس کلب کی نومنتخب گورننگ باڈی کا پہلا باضابطہ اجلاس صدر شکیل قرار کی زیرِ صدارت ہوا۔ اجلاس میں تلاوتِ کلام پاک کے بعد ممبران کے وفات پا جانے والے عزیز و اقارب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ نیشنل پریس کلب کا کوئی ممبر کسی گروپ اور ان کے قائدین کے خلاف سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز مہم نہیں چلائے گا۔

اگر کسی ممبر نے ایسا اقدام کیا تو اس کے خلاف آئین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نومنتخب باڈی نے اتفاقِ رائے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور کیمپ آفس راولپنڈی میں غیر پیشہ وارانہ سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگر کسی ممبر نے ایسا اقدام کیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

نومنتخب ارکان نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پریس کلب کی لسٹ کی ہنگامی بنیادوں پر سکروٹنی کی جائے گی اور اس کیلئے ایسا نظام وضع کیا جائے گا جو آئین کے مطابق ہو اور کسی ممبر کو اس پر اعتراض نہ ہو اور اس عمل کو انتہائی صاف و شفاف بنایا جائے گا۔ نومنتخب اراکین نے ادارے کی بہتری اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں