پاکستان بیت المال اور فائزر پاکستان لمیٹڈ نے کینسر اور انتہائی نگہداشت کے مریضوں کو امداد کی فراہمی کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے

جمعرات 17 جنوری 2019 17:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان بیت المال اور فائزر پاکستان لمیٹڈ نے کینسر اور انتہائی نگہداشت کے مریضوں کو امداد کی فراہمی کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ شراکت داری فائزر کی جانب سے شروع کئے گئے مریضوں کی رسائی کے پروگرام ’’مسیحا‘‘ کا حصہ ہے جو فائزر کے انتہائی نگہداشت اور کینسر کی ادویات تک وسیع رسائی کے لئے ایک اہم اقدام ہے۔

فائزر پاکستان کے کنٹری منیجر سید وجیہہ نے مفاہمت کی یادداشت کے پروگرام میں اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اس بات پر خوشی ہے کہ ہم پاکستان بیت المال کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے مریضوں کی رسائی کے پروگرام میں اہم سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مفاہمت کی یادداشت عوامی صحت کے شعبہ میں ان دو اداروں کے مابین ان مریضوں کے تعاون کی ایک بہترین مثال ہے جنہیں اپنے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اہم ادویات تک رسائی حاصل نہیں ہے۔

پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر اون عباس بپی نے معاشرے کی بہتری بالخصوص ان مستحق مریضوں کے لئے جن کے پاس ان ادویات کی خریداری کے لئے کوئی مالی مدد نہیں ہے، اس شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی مقصد پاکستان بھر میں مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے لئے طبی معاونت فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں