سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کا چٹھہ بختاور میںکنگ حماد یونیورسٹی کی اراضی پر قبضہ واگزار کرانے کیلئے دوسرے روز بھی آپریشن

جمعرات 17 جنوری 2019 23:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی ای) اور ضلعی انتظامیہ نے چٹھہ بختاور میں کنگ حماد یونیورسٹی کی اراضی پر قبضہ واگزار کرانے کے لئے جمعرات کو دوسرے روز بھی آپریشن کیا۔ مجموعی طور پر 237 کنال اراضی پر بنی تعمیرات مسمار کر کے اراضی وزارت قومی صحت کے حوالے کر دی گئی۔ مشترکہ آپریشن کے سلسلہ میں جمعرات کو کنگ حماد یونیورسٹی پر بنی تعمیرات کو مسمار کیا گیا۔

آپریشن میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران اور عملہ نے شرکت کی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض خان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ آپریشن میں لنڈ بحالی ڈائریکٹوریٹ، اسلام آباد پولیس، رینجرز اور مظاہرین کو منتشر کرنے والے یونٹ کے عملہ نے بھی حصہ لیا تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے اور دوسرے روز کی کارروائی کے دوران 15 تعمیرات مسمار کی گئیں جبکہ 17 خاندانوں کو ان کی مسمار کی گئی املاک کے متبادل پلاٹوں کی الاٹمنٹ لیٹر بھی دیئے گئے ہیں۔ سی ڈی اے نے معاوضوں کے چیک ادا کرنے کے لئے بھی انتظامات کر رکھے تھے۔ مزید برآں 3 گارڈ روم، دو کار شیڈ، بھینسوں کے باڑے اور دیگر تعمیرات بھی یونیورسٹی کی جگہ سے مسمار کی گئیں۔

سی ڈی اے ذرائع کے مطابق کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ زمین واگزار کرانے کے بعد وزارت صحت کے حوالے کر دی گئی ہے تاکہ یونیورسٹی کا کام شروع کرایا جا سکے۔ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے سائٹ پر ایک کیمپ آفس بھی قائم کر دیا ہے تاکہ باقی ماندہ علاقہ کے متاثرین کو ان کی گھر کی دہلیز پر سہولت دی جا سکے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے مزید بتایا کہ قائداعظم یونیورسٹی کی جگہ کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لئے جمعرات کو کوئی کارروائی نہیں کی گئی تاہم جمعہ کو وہاں کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں