اسلام آباد کے متعدد سی این جی اور پٹرول پمپس مالکان اور انتظامیہ نے کلین اینڈ گرین اسلام آباد کے تحت اوگرا کی ہدایات کو ہوا میں اڑا دیا

جمعرات 17 جنوری 2019 23:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سی این جی اور پٹرول پمپس مالکان اور انتظامیہ نے کلین اینڈ گرین اسلام آباد کے تحت اوگرا کی طرف سے جاری ہدایات کو ہوا میں اڑا دیا۔ عوامی بیت الخلائوں کی حالت انتہائی مخدوش ہے، شہریوں نے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام سی این جی اور پٹرول پمپس کو ہدایت کر رکھی ہے کہ بیت الخلائوں اور دیگر سہولیات کو ہروقت صاف ستھرا رکھیں، صفائی کا اہتمام نہ کرنے والے مالکان پٹرول پمپس کو جرمانے کئے جائیں گے۔

اوگرا کی طرف سے یہ ہدایات قومی کلین اینڈ گرین مہم کے تحت نومبر 2018ء میں جاری کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

ایک فارما سیوٹیکل کمپنی کے ملازم بابو خان نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر گیس سٹیشنز اور پٹرول پمپس کے بیت الخلاء مخدوش صورتحال میں ہیں اور غلاظت کے علاوہ بیت الخلائوں کے دروازوں کی کنڈیاں بھی ٹوٹی ہوئی ہیں اور صابن دانی میں صابن تک موجود نہیں جس کی وجہ سے عوام الناس بالخصوص صارفین انہیں استعمال نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر بیت الخلائوں میں ٹونٹیاں اور دیگر لوازمات بھی موجود نہیں۔ عوام الناس میں شکایت کے اندراج سے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو اس مخدوش صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو انسانی صحت کیلئے خطرناک ہے۔ ایک طالب علم طارق ظفر نے کہا کہ عوامی بیت الخلاء نہ ہونے کی وجہ سے دوران سفر اکثر اوقات ہم سی این جی اور پٹرول پمپ کے بیت الخلاء استعمال کرنا پڑتے ہیں جن کی صورتحال ناقابل بیان ہوتی ہیں۔

اوگرا کو اس حوالہ سے اپنی ہدایات پر عملدرآمد کیلئے ایک مہم شروع کرنی چاہئے۔ مؤقف کیلئے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹ عرفان طارق اور اوگرا کے آفیسر اسد لطیف دستیاب نہیں تھے جبکہ پٹرول پمپ مالکان نے بھی اس پر بات کرنے سے انکار کر دیا تاہم اوگرا نے شکایات کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن نمبر 0800-77733 اور واٹس ایپ نمبر 0333-5108830 اپنے سرکلر میں جاری رکھے ہیں اور تصاویر اور ویڈیوز ان نمبروں پر بھجوانے کی ہدایت کی ہے تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں