سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کا نیشنل پریس کلب اسلا م آباد کا دورہ

جمعرات 17 جنوری 2019 23:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے جمعرات کو نیشنل پریس کلب اسلا م آباد کا دورہ کیا اور نیشنل پریس کلب کے نومنتخب صدر شکیل قرار، سیکرٹری انور رضا، فنانس سیکرٹری صغیر چوہدری سمیت تمام نومنتخب باڈی کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آزادی صحافت کیلئے اپنا کردار ادا اور صحافی برادری کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صحافتی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان سے بات کروں گا، ورکنگ جرنلسٹ کی مشکلات کو حل کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے، اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے جس نے ہمیشہ مثبت رویہ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وژن ہے کہ معاشرے کی اکائیوں کیلئے کردار اداکریں گے، وزیراعظم نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے پورا کروں گا، وزیراعظم ملک کو درپیش خطرات سے نکالنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے پریس کلب کے مختلف سیکشنزکا دورہ بھی کیا۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب انور رضا نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مشتاق احمد غنی خود بھی صحافت سے وابستہ رہ چکے ہیں اور صحافیوں کے مسائل کو بہتر سمجھتے ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے وہ وزیراعظم عمران خان کو بخوبی آگاہ کر سکتے ہیں۔ صدر نیشنل پریس کلب شکیل قرار نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کی نئی باڈی صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے تگ و دو کرے گی، پاکستان میں کسی بھی صحافی کا تعلق کسی بھی گروپ یا ادارے سے ہو، اس کی مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں