وزیراعظم عمران خان ملک و قوم سے مخلص ہیں،

تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کی بحالی کے لیے اہم وموثر اقدامات کر رہی ہے، حزب اختلاف ملکی معیشت کے بارے میں غلط اور بے بنیاد افواہیں پھیلا رہی ہے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 18 جنوری 2019 18:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی کوآرڈینیشن ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کی بحالی کے لیے اہم وموثر اقدامات کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو گزشتہ حکمرانوں کی غیر موثر اور ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہو چکی تھی جسے درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے اور موثروکارآمد پالیسیاں اپنائی گئیں تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاروباری برادری کے لیے دوستانہ ماحول یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور بہت سے اہم اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز سمیت تمام قومی اداروں کو تباہ اور ملکی معیشت خراب کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف ملکی معیشت کے بارے میں غلط اور بے بنیاد افواہیں پھیلا رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بہت سی غیر ملکی کمپنیاں جو اپنے ملک واپس چلی گئی تھیں دوبارہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے واپس آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے اصل ذمہ دار سابق حکمران ہیں جن کی ناکام اور غیر موثر پالیسیوں کی بدولت ملک کو معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک کی بیمار معیشت کو ٹریک پر لانے کے لیے پانچ یا چھے ماہ ناکافی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل سے بخوبی واقف ہے اور انہیں حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک و قوم سے مخلص ہیں جو غریب عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اہم و موثر اقدامات کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت بہت بہتر کام کر رہی ہے اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران حکومت کے کسی بھی رکن کے خلاف کوئی ایک سکینڈل بھی سامنے نہیں آیا جو موجودہ حکومت کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں