پاکستان چین کی طرز پر سی پیک کے تحت مختلف ریجنز میں خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی پارکس قائم کرے گا

چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالدکا انٹرویو

جمعہ 18 جنوری 2019 19:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا ہے کہ پاکستان چین کی طرز پر سی پیک کے تحت مختلف ریجنز میں خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی پارکس قائم کرے گا، صنعتی پارکس اور خصوصی اقتصادی زونز قزئم کرنے کیلئے 9 مختلف مقامات منتخب کئے گئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو چینی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ صنعتی تعاون سی پیک کا بہت اہم جزو ہے اور دونوں ملکوں کی حکومت نے پہلے ہی خصوصی اقتصادی زونز اور صنعتی پارکس قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ سفیر نے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران ساہیوال اور پورٹ قاسم میں کوئلہ سے چلنے والے 13 ہزار میگاواٹ کے دو بڑے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ توانائی کی پیداوار کے متعدد منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جس میں سندھ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے تین یا چار منصوبے شامل ہیں۔

سی پیک کا پہلا مرحلہ تقریباً مکمل ہو رہا ہے جس میں توانائی کے 22 منصوبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹیشن تعاون کے تحت 2 میگا پراجیکٹ بھی مکمل ہو چکے ہیں جس میں قراقرم ہائی وے کی ماڈرنائزیشن اور اپ گریڈیشن اور سکھر۔ملتان موٹر وے سیکشن کی تعمیرشامل ہیں۔سفیر نے کہا کہ سی پیک کے تحت تعاون کا تیسرا بڑا شعبہ گوادر پورٹ کی ترقی ہے جو چین کے خودمختار صوبے سنکیانک کے اہم شہر کاشغر سے منسلک کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سٹی کو سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ سفیر نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 25 ہزار سے زائد پاکستانی طلباء چین میں زیر تعلیم ہیں۔یہ طلباء چین کے بہترین دوست بنیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں