پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قومی دولت لوٹنے والوں کو فرار نہیں ہونے دے گی

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 18 جنوری 2019 19:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قومی دولت لوٹنے والوں کو فرار نہیں ہونے دے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور سپریم کورٹ آف پاکستان جیسے ادارے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے اور کرپشن کرنے والوں کے خلاف آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں اور اس ضمن میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ملک بھر میں احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے اور کسی بھی بدعنوان کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کی ٹھوس تجاویز اور مثبت تنقید کا خیر مقدم کرے گی لیکن انہیں کرپشن چھپانے کی اجازت ہرگز نہیں دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے گزشتہ ادوار حکومت کے دوران قومی خزانے کو بڑی بے رحمی کے ساتھ لوٹا گیا اور منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم بیرون ملک منتقل کر دی گئی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے والے لٹیروں کے لیے کوئی این آر او نہیں ہو گا اور وہ اپنے غیر قانونی عمل کے لیے ہر قیمت پر جوابدہ ہیں اور انہیں جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز اور متحرک قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جب اقتدار سنبھالا تو سب سے بڑا چیلنج ملکی معیشت کو بہتر بنانا تھا جس کے لیے حکومت نے اہم اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے شیلٹر ہوم اور نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم جیسے عوامی فلاحی منصوبے شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آنے والی دیانت دار قیادت کے باعث ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے جو خوش آئند ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں