ایس ڈی پی آئی اور سعودی عرب کے ریسرچ اور مطالعاتی انسٹیٹیوٹ، راسانہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پائیدار ترقی کے حوالے سے باہمی ریسرچ، مشاورت اور تکنیکی اور سائنسی معلومات میں تعاون کیا جائے گا

جمعہ 18 جنوری 2019 20:44

ایس ڈی پی آئی اور سعودی عرب کے ریسرچ اور مطالعاتی انسٹیٹیوٹ، راسانہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) پاکستان کے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور سعودی عرب کے ریسرچ اور مطالعاتی انسٹیٹیوٹ، راسانہ نے دونوں ممالک کی پائیدار ترقی کے حوالے سے باہمی ریسرچ، مشاورت اور تکنیکی اور سائنسی معلومات میں تعاون کے لئے جمعہ کو مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے۔

ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری اور راسانہ کے چیئرمین ڈاکٹر الاسلامی نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے متفقہ معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت دونوں تنظیموں نے مشترکہ ریسرچ پراجیکٹس پر کام کرنے، رپورٹس اور سائنسی تحقیقی کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کہا کہ سعودی عرب کے ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ساتھ معاہدہ کرنے اور تعاون بڑھانے کی بنیادی وجہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا پائیدار تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ریسرچ انسٹیٹیوٹس، ماحولیاتی تبدیلی، تجارت، توانائی اور علاقائی تعاون جیسے باہمی دلچسپی کے معاملات پر مشترکہ تحقیق کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے پانی کے تحفظ کی حکمت عملی سیکھ سکتا ہے کیونکہ سعودی عرب نے اپنے کئی خشک صحراؤں کو گرین لینڈ میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب میں آئی ٹی اور کمپیوٹر کے ماہر افرادی قوت بھیجنا چاہئے کیونکہ سعودی عرب کی معیشت کی بنیاد اس وقت سروس انڈسٹری کی راہ پر ہے جس سے پاکستان فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

راسانہ کے چیئرمین ڈاکٹر الاسلامی نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ریسرچ اور مطالعاتی انسٹیٹیوٹ سعودی عرب میں نسبتاً ایک نیا انسٹی ٹیوٹ ہے جو علاقائی امور کے علاوہ دیگر شعبوں جیسا کہ توانائی، موسمیاتی تبدیلی، معیشت اور تجارت شامل ہیں، پر بھی تحقیق کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راسانہ عالمی سطح پر تھنک ٹینک انڈیکس (GGTTI) 2017ء کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں سب سے پہلے جبکہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی علاقہ میں 10 ویں نمبر پر بہترین علاقائی مطالعہ سینٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایس ڈی پی آئی کے ساتھ اس معاہدے کے ذریعے پاکستان کی عوام کے ساتھ تعلقات کو مزید بڑھانے چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں