صوبوں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے پانی کی قلت جیسے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں گے، علی محمد خان

جمعہ 18 جنوری 2019 21:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے پانی کی قلت جیسے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرے گی۔ وہ جمعہ کو نیشنل ڈایزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے زیر اہتمام خشک سالی پر قومی مشاورتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات کے علاوہ اقوام متحدہ، عالمی بینک کے نمائندے اور دیگر شراکت دار بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو مختلف نوعیت کی ناگہانی آفات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہمیں ان مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مل کر ان کا حل نکالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خشک سالی کے حوالہ سے بنیادی مسئلہ پانی کا ہے، اس سلسلہ میں طویل مدتی حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں صوبوں کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں