وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ ملک کو خوشحال بنانے کے ان کے پختہ عزم کا عکاس ہے، چینی ماہرین تعلیم

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) چین کے ماہرین تعلیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وزیراعظم ہائوس کو اسلام آباد نیشنل یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ تعلیم کے ذریعے ملک کو خوشحال بنانے کے ان کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔ چین کی جنوب مغربی یونیورسٹی برائے سیاسیات و قانون کے وزٹنگ پروفیسر چہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر فیلو شینگ ژی ژوانگ نے ہفتہ کو کہا کہ تعلیم انسانی و قومی ترقی کا اہم محرک ہے اور پاکستان کی موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کو ترجیح دے رہی ہے، پاکستان میں ناخواندگی کی شرح بہت بلند ہے لیکن یہ مسئلہ حال ہی میں نہیں ابھرا، برسوں سے یہ مسئلہ درپیش ہے، اس مسئلہ کو پورے معاشرے کی طویل المدت کوششوں سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے وزیراعظم عمران خان اقتدار میں آئے ہیں انہوں نے تعلیم کے فروغ پر خصوصی زور دیا ہے اور 2019ء میں چار بڑے فرائض میں ناخواندگی کے خلاف جدوجہد بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ژی ژوانگ نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی حکومت کو قومی معیار، سماجی و اقتصادی ترقی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں کے فروغ کے لئے تعلیم کی اہمیت کا مکمل احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے اب 9 سالہ تعلیم کو لازمی قرار دیا ہے اور بعض بڑے شہروں میں 12 سالہ تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں سکول کی تعلم سے پہلے کی تین سالہ پری سکولنگ شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں موجودہ صورتحال میں پاکستان کو کم از کم 9 سالہ لازمی تعلیم نافذ کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی ترقی کے ساتھ بہت سی چینی کمپنیاں اب مقامی پاکستانیوں کو روزگار دے رہی ہیں اور قلیل المدت اور فنی تربیت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں مختلف خاصیتیں ہوتی ہیں لیکن یہ اس بات پر منحصر ہے کہ ان کی بنیادی تعلیم کتنی ہے، سب کے لئے صرف کائناتی طور پر مسلمہ بنیادی تعلیم کا حصول پوری قوم کی ترقی کے معیار کو بہتر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اعلیٰ تعلیم سے ہی جدید بلند اور نئی ٹیکنالوجی بن کر ابھرا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان ترقی پذیر ملک ہے، یہ بتدریج سائنس و ٹیکنالوجی، صنعتکاری اور جدت کے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ وزیراعطم عمران خان کی نظریں مستقبل پر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ تعلیم کو ترجیح بنا رہے ہیں تاکہ مستقبل کی منازل طے کی جا سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں