وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی گولڑہ شریف تا سرائے خربوزہ مصروف ترین روڈ کی انتہائی مخدوش حالت سے مقامی لوگ اورمسافر عاجز آگئے

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی گولڑہ شریف تا سرائے خربوزہ مصروف ترین روڈ کی انتہائی مخدوش حالت سے مقامی لوگ اورمسافر عاجز آگئے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور لوکل گورنمنٹ ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے لگے، شہریوں نے چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد سے روڈ کی فوری تعمیرنو کا مطالبہ کیا ہے۔

گولڑہ شریف سے سرائے خربوزہ تک سڑک کے اطراف میں سیکٹر ای۔12، شاہ الله دتہ، دھریک موہری، جوہد، مہرآبادی، چونترہ، چورا، مرزا موڑ، سرائیں سے سرائے خربوزہ تک کی آبادیاں ہیں اور گولڑہ شریف آنے والے زائرین کی بڑی تعداد بھی اسی روڈ سے گزرتی ہے۔ اس روڈ کی حالت ناگفتہ بہ ہونے کی وجہ سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروںکو انتہائی مشکل حالات میں یہاں سے گزرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

روڈ پر جا بجا بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں جس سے نئی گاڑی بھی چند ماہ کے دوران ہی خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑک کی وجہ سے گاڑی کی رفتار سست ہونے سے اکثر راہزن بھی اپنی وارداتیں کرتے ہیں اور علاقہ میں سٹریٹ کرائم کی وارداتیں عام ہیں۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر روڈز سے رابطہ کرنے پر انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ واقعی یہ روڈ بہت خستہ حالی کا شکار ہے لیکن یہ روڈ ہماری زیر نگرانی نہیں بلکہ لوکل گورنمنٹ اس کی ذمہ دار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ایف الیون اور جی الیون تک کے ذمہ دار ہیں اور ضلعی انتظامیہ اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا باہمی کوآرڈینیشن نہیں ہے جبکہ ان کے مؤقف کے برعکس لوکل گورنمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ جب ایم سی آئی وجود میں نہیں آئی تھی تو لوکل گورنمنٹ کو جو فنڈز ملتے تھے وہ دیہی علاقوں پر خرچ کئے جاتے تھے لیکن اسلام آباد کی 50 یونین کونسلوں کی دیکھ بھال اور سہولیات کی فراہمی اب ایم سی آئی کی ذمہ داری ہے جس کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کے مختلف ڈائریکٹوریٹس بھی ایم سی آئی کو منتقل کئے گئے تھے۔

اسی علاقہ سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی میئر اسلام آباد سیّد ذیشان نقوی نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعی یہ روڈ خستہ حالی کا شکار ہے اور یہ لوکل گورنمنٹ ہی کی ذمہ داری تھی لیکن اب یہ ایم سی آئی سے ترجیحی منصوبوں کے حوالہ سے تجاویز طلب کی گئی ہیں اور یہ روڈ ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور بہت جلد اس روڈ پر کام شروع ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں