بھارت کے پاس فوج بڑی ہے تو ہمارے پاس جذبہ، ناکوں چنے چبوائیں گے،ڈاکٹر محمد امجد

وزیراعظم اور پاک فوج کے ردعمل کی تائید کرتے ہیں،عوام حکومت اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، گفتگو

جمعہ 22 فروری 2019 20:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے راہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعہ میں پاکستان کسی طرح سے بھی ملوث نہیں۔اگرکوئی تنظیم ملوث ہے تو اس کی ذمہ داری پاکستان پر عائد نہیں ہوسکتی۔جنگ نہیں چاہتے مگر دفاع کے لئے ہرپل تیار ہیں۔بھارت کے پاس اگر فوج بڑی ہے تو ہمارے پاس جذبہ ہے۔

وزیراعظم پاکستان اور پاک فوج کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارٹی راہنمائوں کے ایک وفد سے ملاقات میں اپنی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کا پاکستان کو کسی طرح سے کوئی فائدہ نہیں اس لئے بھارت کی طرف سے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی کرنا بے بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

واقعہ میں اگر کوئی جہادی تنظیم ملوث ہے تو اس کی ذمہ داری پاکستان پر نہیں ڈالی جاسکتی۔

یہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم ،قتل و غارت اور بربریت کا ردعمل ہے۔اگر بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل نہ کئے گئے تو مستقبل میں بھی ایسا ہوتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامن ملک ہیں اور ترقی کی راہوں پر گامزن ہونا چاہتے ہیں۔ جنگ نہیں چاہتے مگر ہماری فوج دفاع کے لئے ہر وقت تیار ہیں ۔اگر بھارت اپنی فوج کے زیادہ حجم پر خوش فہمی میں مبتلا ہے تو ہمارے پاس دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کے لئے بے انتہا جذبہ موجود ہے۔

اب پرانا دور نہیں رہا،افواج پاکستان جدید جنگی ہتھیاروں سے لیس ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام واقعہ پر حکومت اور افواج پاکستان کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہیں اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ضرورت پڑنے پر پاکستان کی نوجوان نسل میدان میں کود سکتی ہے مگر اپنے ملک و قوم پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں