سی ڈی اے کا اسلام آباد کے سیکٹر E-12 میں ابتدائی ترقیاتی کاموں کا آغاز

جمعہ 22 فروری 2019 22:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2019ء) سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر E-12 میں ابتدائی ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ابتدائی ترقیاتی کام سی ڈی اے اپنے وسائل سے کر رہا ہے۔ سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے سیکٹر E-12 میں اراضی کو واگذار کرانے کے بعد ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا ہے اور جلد ہی سیکٹر کی ڈویلپمنٹ کے لیے تفصیلی ٹینڈرنگ کر دی جائے گی۔

سی ڈی اے کے سیکٹر ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سروس روڈ (ویسٹ) کی ابتدائی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔ سی ڈی اے کے شعبہ لینڈ و بحالیات ،لینڈ سروے ،انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران اور ملازمین کو بھی موقع پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد انتظامیہ کے افسران بھی سی ڈی اے کی ٹیموں کے ہمراہ معاونت کے لیے موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر سیکٹر E-12 کی سروس روڈ کی تعمیر شروع کی گئی ہے جبکہ ان سروس روڈز کے اطراف ارتھ ورک بھی شروع کر دیا گیا ہے اور سیکٹر E-12 کی تعمیر میں حائل دیگر رکاوٹوں کو بھی باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا جا رہا ہے تاکہ سیکٹر کی ڈیویلپمنٹ کو مکمل کیا جا سکے۔ سیکٹر E-12 میں تعمیراتی کاموں کا اجراء ایک دیرینہ مسئلہ تھا کیونکہ اس سیکٹر کی اراضی 1987 ؁ء میں ایکوائر کی گئی اورپلاٹوں کی الاٹمنٹ1989 ؁ء میں کی گئی مگر مقامی لوگوں کے عدم تعاون کے باعث سیکٹر میں تعمیراتی کاموں کا اجراء نہ ہو سکا۔

تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے ایک موئثر حکمتِ عملی کے تحت نہ صرف سیکٹر کی اراضی کا قبضہ حاصل کیا بلکہ ابتدائی ترقیاتی کاموں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔سیکٹر E-12 میں قبضے کے حصول کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے اہم کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ ماضی میں اس سیکٹر کی اراضی کو واگذار کرانے کے لیے متعدد کوششیں کی گئیںجو ثمر آور ثابت نہ ہو سکیں۔

تاہم اس ماہ کے شروع میں سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ سیکٹر کا قبضہ حاصل کر کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے ۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے متاثرین سے 2000 کنال اراضی کو واگذار کروا کر اسکے گرد پلرز نصب کر دیئے ۔ سی ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس سیکٹر کے ترقیاتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کو باہمی افہام و تفہیم اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے دور کیا جائے گا۔مزید برآں سیکٹر E-12 کے ترقیاتی کاموں کے لیے ٹینڈرز طلب کرنیکی کاروائی تکمیل کے مراحل میں ہیں تاکہ باقاعدہ ترقیاتی کاموں کا کنٹریکٹ ایوارڈ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں