آزادجموں و کشمیر میڈیکل کالجز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

میڈیکل کالجز کے معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے ،مالیاتی ڈسپلن ،وسائل کی فراہمی اور 2015 سے لیکر اب تک بورڈ آف گورنرز کی منظوری سے کئے گئے فیصلوںکا جائزہ لینے ، اداروں کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ

پیر 18 مارچ 2019 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) آزادجموں و کشمیر میڈیکل کالجز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست میں قائم میڈیکل کالجز کے معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے ،مالیاتی ڈسپلن اور وسائل کی فراہمی ،اور 2015 سے لیکر اب تک بورڈ آف گورنرز کی بدوں منظوری کیے گئے فیصلہ جات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان ادارہ جات کا خصوصی آڈٹ کروایا جائیگا ۔

اجلاس میںمیرپور میڈیکل کالج کے لیے ضرورت سے زائد سامان کی خریداری کے حوالے سے انکوائری کمیٹی بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو اگلے اجلاس تک رپورٹ مرتب کریگی جس کی سربراہی سیکرٹری مالیات کرینگے ۔اجلاس میں راولاکوٹ میڈیکل کالج سے فارغ ہونے والے طلباء کے لیے ہاوس جاب کی 56 آسامیوں کی تخلیق کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت وزیراعظم آزادکشمیر و چئیرمین بورڈ آف گورنز راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی ۔

جبکہ اس میں وائس چئیرمین وزیر صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان ،ممبران عبدالماجد خان ممبر قانون ساز اسمبلی ،چیف سیکرٹری آزادکشمیر ،سیکرٹری مالیات ،سیکرٹری صحت ،ڈاکٹر راجہ محمد عارف خان ،محمد امین ،تینوں میڈیکل کالجز کے پرنسپل صاحبان ،سپیشل سیکرٹری صحت و دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں آئندہ باقاعدگی سے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیکل کالجز کو رفتہ رفتہ اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے لیے اقدامات اٹھاے جائیں گے ،اس ضمن میں مالیاتی نظم و ضبط پر سختی سے عمل اور قوانین کی مکمل پاسداری کی جائیگی ۔

اجلاس میں میڈیکل کالجز کے آڈٹ اور اکاونٹس کے حوالے سے فوری طورپر رولز مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا کہ میڈیکل کالجز کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا موجودہ حکومت کے دور میں میڈیکل کالجز کی ڈگری کو شناخت ملی جبکہ ہم نے باضابطہ طورپر ان کے لیے فنڈز کا انتظام کیا اس سے پہلے دو میڈیکل کالجز وفاقی ترقیاتی پروگرام میں شامل تھے جبکہ راولاکوٹ کالج ہمارے اپنے ترقیاتی فنڈز سے چل رہا تھا ،آزادکشمیر میں ہر سال تین سو ستر ڈاکٹرز بن رہے ہیں جن کی کھپت اور ان کو روزگار کے مساوی مواقع کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ،ہسپتالوں میں نرسنگ سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکومت نے میرپور نرسنگ سکول کو ڈگری کا درجہ دیا اور اس میں مختص نشستوں کی تعداد کو دوگنا کیا ،کالجز میں تقرریوں کے عمل کو مکمل طورپر شفاف اور میرٹ پر بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھاے جائیں ،آزادکشمیر ہر معاملے میں پنجاب سے مسابقت نہیں کر سکتا گزشتہ چھ سالوں میں پنشن کی رقم میں چار سو فیصد اضافہ ہوا ہے ادارہ جات اپنی آمدن اور اخراجات کو کنٹرول کریں تاکہ حکومتی گرانٹ پر کم سے کم انحصار کیا جاسکے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں