ش*حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے، احمد حسن مغل

پیر 18 مارچ 2019 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2019ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ روزمرہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں دن بدن بڑھ رہی ہیں جس سے عوام کی قوت خرید کم ہو رہی ہے اور نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے۔

احمد حسن مغل نے کہا مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ سبز مرچ جو 12سی15روپے کلو ہوتی تھی اب ہول سیلز مارکیٹ میں 140روپے کلو اور پرچون میں 240سی320روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح بعض سبزیاں جو 50سی60روپے کلو میں فروخت ہوتی تھیں اب ان کی قیمت 80روپے سے 100روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ ٹماٹر 120روپے سے 140روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دالوں کی قیمتوں میں بھی 25سے 30روپے فی کلو اضافہ ہو گیا ہے جس سے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

لہذا انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مارکیٹوں میں سبزیوں و پھولوں کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات اٹھائے اور ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے جن کی وجہ سے عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ 14سے 15لاکھ ٹن دالیں استعمال ہوتی ہیںلیکن زرعی ملک ہونے کے باوجود دالوں کی مقامی پیداوار صرف 5سی6لاکھ ٹن ہے جبکہ باقی ضرورت پوری کرنے کیلئے کنیڈا، امریکہ، آسٹریلیا، روس اور دیگر ممالک سے دالیں برآمد کی جاتی ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے سے ان کی قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دالوں کی ملک کے اندر پیداوار بڑھانے کیلئے کسانوں کو ہر ممکن ترغیبات و سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ دالوں سے ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے کیلئے حکومت نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے تا کہ ضرورت پوری کرنے کے بعد فالتو دالوں کی ویلیو ایڈیڈ مصنوعات کو برآمد کر کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کیا جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں