عمران خان کے دورے میں سی پیک کے مزید منصوبوں کو حتمی شکل دیں گے، چینی سفیر

دونوں حکومتوں کیلئے معاشی ترقی اولین ترجیح ہے، چین اگلے تین سال میں 20 ہزار اسکالر شپس پاکستانی طلبہ کیلئے فراہم کریگا، سیمینار سے خطاب

جمعہ 19 اپریل 2019 19:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) چینی سفیر یاؤ جنگ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک) کا سفر دونوں ممالک اور خطے کیلئے ترقی لایا ہے،وزیر اعظم عمران خان دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ میں شرکت کریںگے ،دونوں حکومتوں کیلئے معاشی ترقی اولین ترجیح ہے، سی پیک پروجیکٹ کے تحت تین بڑے پاور پلانٹس بھی لگائے جائیں گے، ہر ایک پر دو ارب ڈالر سے زیادہ خرچ آئیگا،پاکستان کی معیشت نجی شعبے سے جڑی ہوئی ہے، چین اگلے تین سال میں 20 ہزار اسکالرشپس پاکستانی طلبہ کے لئے فراہم کرے گا۔

جمعہ کو یہاں سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ سمٹ میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ نئی حکومت کے ساتھ سی پیک کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔چینی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی وزارتیں بھی آپس میں کام کررہی ہیں، سی پیک کو دونوں ممالک کا خوب ساتھ حاصل ہے۔انہوںنے کہاکہ چین کو پاکستان پر اعتماد ہے، وقت کے ساتھ ہماری دوستی مضبوط ہوتی جارہی ہے، سب سے اہم بات دونوں ممالک کا تعلق ہے، دونوں حکومتوں کیلئے معاشی ترقی اولین ترجیح ہے۔

چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ 19 ارب ڈالر سے 13 ارب ڈالر کمرشل ذرائع سے آئیں گے، سی پیک پروجیکٹ کے تحت تین بڑے پاور پلانٹس بھی لگائے جائیں گے، ہر ایک پر دو ارب ڈالر سے زیادہ خرچ آئیگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سات سال میں پاکستان سے سی پیک کا ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا جائیگا جبکہ اس منصوبے سے 7 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کے دورے میں سی پیک کے مزید منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔چینی سفیر نے کہاکہ سی پیک کو ابھی مزید محنت درکار ہے، چین نے گوادر میں 150 بچوں کے لئے اسکول تعمیر کیا جسے اب وسعت دے دی گئی ہے اور اب اس میں 500 سے زائد بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15 سے زائد چینی کمپنیاں سی پیک پر کام کررہی ہیں، نئی حکومت کے ساتھ مزید دو بڑے منصوبوں پر کام کرہے ہیں جن میں سوشل اور صنعتی منصوبے شامل ہیں۔

یاؤ جنگ نے کہا کہ کپڑے کی 6 صنعتیں لاہور میں قائم کی جارہی ہیں جبکہ سوشل سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشیت نجی شعبے سے جڑی ہوئی ہے، چین اگلے تین سال میں 20 ہزار اسکولرشپس پاکستانی طلبہ کے لئے فراہم کرے گا۔انہوںنے کہاکہ آئندہ سات سال میں پاکستان سے سی پیک کا ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا جائے گا،سی پیک سے 7 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع فراہم ہوگے۔چینی سفیر یائو جنگ نے کہاکہ عمران خان کے دورے میں سی پیک کے مزید پروجیکٹس پر حتمی شکل دی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں