اکتوبر 2018 سے لیکر فروری 2019 کے دوران پچھلے سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں واجبات کی وصولی میں 1.3 فیصد اضافہ ہوا، عمر ایوب

جمعہ 19 اپریل 2019 23:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ اکتوبر 2018 سے لیکر فروری 2019 کے دوران پچھلے سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں واجبات کی وصولی میں 1.3 فیصد اضافہ ہوا ہے جو ریکارڈ سطح 96.3 فیصدپر پہنچ گئی ہے، دن رات چوری اور کرپشن کے خلاف ٹھوس مہم کی بدولت اکتوبر 2018 سے فروری2019 میں پچھلے سال انہی مہینوں کی نسبت لائن لاسسز میں 2.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔

جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں عمر ایوب خان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار چوری کے خلاف ٹھوس مہم کی بدولت ملک بھرمیں 80 فیصد فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔ پچھلے سال کی نسبت صرف چار مہینوں میں 15 فیصد بہتری آئی ہے جن فیڈرز پر بجلی چوری ختم ہوئی وہاں لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں کل 8610 فیڈرز میں سے 6061 فیڈرز پر اس وقت کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ پاور ڈویژن کی ٹیم کی انتھک محنت کے ثمرات ملنے شروع ہوگئے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2018 سے فروری 2019 میں (چار مہینی) پچھلے سال کے اسی عرصہ کے مقابلے 51 ارب روپے کی اضافی وصولیاں ہوئیں ہیں جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2017ء سے جنوری 2018ء تک دو کھرب تین ارب 95 کروڑ 30 لاکھ روپے جبکہ نومبر 2018ء سے جنوری 2019ء تک دو کھرب 43 ارب 64 کروڑ 20 لاکھ روپے کے واجبات وصول ہوئے ہیں اور واجبات کی وصولی میں 39 ارب 68 کروڑ 90 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومبر 2017ء سے فروری 2018ء تک واجبات کی وصولی کی مد میں 2 کھرب 67 ارب 23 کروڑ 80 لاکھ روپے اور نومبر 2018ء سے فروری 2019ء تک تین کھرب 18 ارب 26 کروڑ 40 لاکھ روپے کے واجبات وصول ہوئے ہیں اور واجبات کی وصولی میں اس عرصہ کے دوران 51 ارب 2 کروڑ 60 لاکھ روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں